پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظیم حیدرآبادی کی غزلیں — Azeem Hyderabadi Ghazals

عظیم حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اضطراب دل بیمار سے ڈر لگتا ہے (غزل)

اضطراب دل بیمار سے ڈر لگتا ہے

نبض کی سرعت رفتار سے ڈر لگتا ہے

حسن کے عشوۂ طرار سے ڈر لگتا ہے

لغزش فطرت خوددار سے ڈر لگتا ہے

منزل حشر بہت دور سہی پر اب بھی

پرسش بخت سیہ کار سے ڈر لگتا ہے

اک المناک فسانہ ہے جنون الفت

جس کی تفسیر کے اظہار سے ڈر لگتا ہے

جادۂ ہوش سے ہٹ جائیں نہ مے کش کے قدم

جام کی گرمئ رفتار سے ڈر لگتا ہے

یا تو ناموس محبت پہ تھا مرنا برحق

یا تو ذکر رسن و دار سے ڈر لگتا ہے

رخ بدل دے نہ محبت کا یہ آشفتہ سری

اعتبار نگہ یار سے ڈر لگتا ہے

یہ عقیدت ہی کہیں درپئے آزار نہ ہو

شرف پا بوسیٔ اغیار سے ڈر لگتا ہے

توڑ ڈالیں نہ کہیں آپ مرا شیشۂ دل

آپ کی شومیٔ گفتار سے ڈر لگتا ہے

غم و آلام سے اس درجہ سراسیمہ ہوں

کہ مجھے عکس رخ یار سے ڈر لگتا ہے

بھول جاؤں نہ کہیں اپنی ہی ہستی کا مقام

آپ کی چشم فسوں بار سے ڈر لگتا ہے

بد گمانی ہوئی اس درجہ دخیل فطرت

ان کو اب سایۂ دیوار سے ڈر لگتا ہے

پھر برانگیختہ ہو جائیں نہ جذبات نہاں

شعلہ سامانیٔ رخسار سے ڈر لگتا ہے

باہمی ربط میں بن جائے نہ حد فاصل

اختلافات کی دیوار سے ڈر لگتا ہے

کچھ تو بدلے ہوئے حالات سے وحشت ہے عظیمؔ

کچھ تو بگڑے ہوئے آثار سے ڈر لگتا ہے

پر کشش جلوۂ جاناں ہے خدا خیر کرے (غزل)

پر کشش جلوۂ جاناں ہے خدا خیر کرے

جیتے جی موت کا ساماں ہے خدا خیر کرے

حسن بے پردہ خراماں ہے خدا خیر کرے

اک نئے حشر کا ساماں ہے خدا خیر کرے

نغمۂ زیست کی بے ساختہ لے کو سن کر

درد پھر سلسلہ جنباں ہے خدا خیر کرے

ہر اشارا نئے افکار کا آئینہ ہے

ہر سخن عقدۂ پیچاں ہے خدا خیر کرے

جانے کس رنگ پہ آ جائے مرا جوش جنوں

آمد فصل بہاراں ہے خدا خیر کرے

جس تصور سے کہ گھبرائی تھی میری فطرت

پھر وہی خواب پریشاں ہے خدا خیر کرے

التباس آپ کو جب سے ہے وفاؤں پہ مری

دل غریق غم و حرماں ہے خدا خیر کرے

بندۂ حرس و ہوس آج ہے مذہب کا نقیب

کتنا بدلا ہوا انسان ہے خدا خیر کرے

جلوۂ دوست نے وہ سحر کیا ہے کہ عظیمؔ

دل شراروں سے فروزاں ہے خدا خیر کرے

مزید غزلیں از عظیم حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں