پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظیم کامل کی غزلیں — Azeem Kamil Ghazals

عظیم کامل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوشی سے جھومتی پھرتی ہے اور پھر مسکراتی ہے (غزل)

خوشی سے جھومتی پھرتی ہے اور پھر مسکراتی ہے

مری تازہ غزل وہ یاد کر کے گنگناتی ہے

تمہیں سگریٹ سے نفرت ہے تو یہ کیوں بھول بیٹھے تم

تمہیں جس سے محبت ہے اسے سگریٹ بچاتی ہے

نہیں معلوم میرا حافظہ کس سمت رہتا ہے

مگر وہ یاد رکھتی ہے جنم دن تک مناتی ہے

اسے بجھتے دیوں سے اتنی الجھن ہے کہ مت پوچھو

کوئی جو لڑکھڑا جائے اسے فوراً جلاتی ہے

کتابیں چیخنے لگتی ہیں جب وہ پاس سے گزرے

انہیں وہ چوم کے رکھتی ہے سینے سے لگاتی ہے

ذہین اتنی ہے اس سے بحث تو ہم کر نہیں سکتے

مجھے منٹو کے افسانے بلا ناغہ سناتی ہے

ہمیں جب کام سے فرصت ملے گی (غزل)

ہمیں جب کام سے فرصت ملے گی

تمہیں اس وقت ہی چاہت ملے گی

جنازے پر ضرور آنا ہمارے

وہاں تم کو نئی عبرت ملے گی

ہماری دھڑکنوں کو سننے والے

یہاں ہر پل تمہیں حیرت ملے گی

روایت سے بھلا کب منحرف ہیں

ان آنکھوں میں مگر جدت ملے گی

تمہارا نام کتبے پر لکھا ہے

ہماری قبر کو شہرت ملے گی

بہاولپور سے اظہرؔ نام لینا

تمہیں ہر حلقے میں عزت ملے گی

ہمیں کب عید سے مطلب ہے کاملؔ

اسے دیکھیں گے تو راحت ملے گی

مزید غزلیں از عظیم کامل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں