پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظیم حیدر سید کی غزلیں — Azeem Haider Syed Ghazals

عظیم حیدر سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون دل گیا نظروں سے سب قطارے گئے (غزل)

سکون دل گیا نظروں سے سب قطارے گئے

چمن میں کھلتے ہوئے جب سے پھول مارے گئے

ہوائے موت ذرا دیر کیا ادھر آئی

کہ میرے ہاتھ سے اڑ کر مرے غبارے گئے

یہ کیسی کربلا برپا ہوئی پشاور میں

لہو میں ڈوبے ہوئے میرے بچے مارے گئے

انہیں ہی مرتبہ ملتا ہے جا کے جنت میں

حصول علم کی خاطر جو جان وارے گئے

چمن اجاڑنے والو تمہیں خدا سمجھے

تمہیں نہ آئی حیا پھول تو ہمارے گئے

رہے گا یاد ہمیں آنے والی نسلوں تک

وہ نقش پا جو یہاں خون سے ابھارے گئے

سلام میرا عظیمؔ ان شہید بچوں کو

جو اپنی جیت کی خاطر بھی جان ہارے گئے

خواہش و خواب کے آگے بھی کہیں جانا ہے (غزل)

خواہش و خواب کے آگے بھی کہیں جانا ہے

عشق کے باب سے آگے بھی کہیں جانا ہے

کیوں نہیں چھوڑتی آخر مجھے دنیا داری

مال و اسباب سے آگے بھی کہیں جانا ہے

دینے والے تو مجھے نیند نہ دے خواب تو دے

مجھ کو مہتاب سے آگے بھی کہیں جانا ہے

جانے کیوں روک رہی ہے مجھے اشکوں کی قطار

چشم پر آب سے آگے بھی کہیں جانا ہے

کیوں لپٹتا ہے مرے ساتھ یہ دریا آخر

مجھ کو گرداب سے آگے بھی کہیں جانا ہے

مزید غزلیں از عظیم حیدر سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں