آشوتوش مشرا ازل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دولت رتبہ شہرت اور یہ ایمان مٹی ہے (غزل)
یہ دولت رتبہ شہرت اور یہ ایمان مٹی ہے
لگایا ہاتھ تب جانا فلک بے جان مٹی ہے
لگی جب آگ پتوں میں شجر تب رو پڑا غم میں
کہا پھر شاخ نے ہر شے یہاں نادان مٹی ہے
لکھوں میں فلسفے کی شاعری یا گیت الفت کے
میں شاعر ہوں مری ہر نظم کا عنوان مٹی ہے
کتاب ہجر میں میں اب لکھوں گا وصل کے قصے
محبت میں ملا ہے جو مجھے تاوان مٹی ہے
نہیں معلوم حسرت ث میں مٹی دیکھتا ہوں کیوں
مجھے شاید خبر ہے کل مری پہچان مٹی ہے
دکھاتا کھیل ہے سب ہمیں ازلؔ بن کر مداری اور
تماشا دیکھتا ہے جو وہ ہر انسان مٹی ہے
آپ بھی اس حسن کو اب پھول کہئے (غزل)
آپ بھی اس حسن کو اب پھول کہئے
دیکھیے نازک بدن سب پھول کہئے
لگتی ہے قوس قزح عارض پہ شبنم
برگ گل جیسے ہیں وہ لب پھول کہئے
پھول سے ہی ہوتی ہے تمثیل اس کی
رشک کرتا ہے چمن جب پھول کہئے
بات میری آپ اب بھی جو نہ مانے
تتلی جب چومے اسے تب پھول کہئے
رات رانی بن وہ آئے خواب میں پھر
مہکی ان سانسوں کو ہر شب پھول کہئے
ہاتھ میں اس کے ازلؔ نے دے دیا گل
فیصلہ کریے کسے اب پھول کہئے