پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آشوتوش پانڈے کی غزلیں — Ashutosh Pandey Ghazals

آشوتوش پانڈے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں ڈوبی مہکتی شام سا تیرا بدن (غزل)

عشق میں ڈوبی مہکتی شام سا تیرا بدن

اوس کا گل پہ لکھے پیغام سا تیرا بدن

عشق کا تیرتھ لگے یا دھام سا تیرا بدن

بعد مدت کے ملے آرام سا تیرا بدن

روپ خوابوں نے تراشا رنگ خلوت نے بھرے

انس کا شہکار یہ خوش کام سا تیرا بدن

شام الھڑ مست سی ملنے چلی ہے رات سے

برف میں مدھم پگھلتے جام سا تیرا بدن

گھل گیا تب روشنی میں جب پتنگا جل گیا

آتشوں سے کھیل کے انجام سا تیرا بدن

تیز دھاروں کو خبر کیا کون گھایل کون غرق

ناتواں کو پھر کہاں صمصام سا تیرا بدن

حرف سب دل سے پڑھے الفاظ پھر بھی گم کہیں

حسن کے عالم پہ اک الزام سا تیرا بدن

آج تم اپنی کہو میری کہانی پھر کبھی (غزل)

آج تم اپنی کہو میری کہانی پھر کبھی

شام شاید اب نہ ہو جاناں سہانی پھر کبھی

وصل کے شاہد رہے بھونرے کلی سب شام کے

شام کی اہل جہاں سن ترجمانی پھر کبھی

بات اشکوں نے کہی خاموش ہم دونوں رہے

جھوم کے بولی گھٹا برسے نہ پانی پھر کبھی

موند کے آنکھیں اسے دیکھا کروں خواہش مری

شوق دیدہ بس ابھی شوق نہانی پھر کبھی

گیت گانا عشق میں ہے پار جانا عشق سے

دیکھ لوں جی بھر اسے یہ لن ترانی پھر کبھی

یہ تماشہ زندگی کا ختم ہوگا کیا کبھی

تھم ذرا کر عشق اب باتیں جہانی پھر کبھی

پھینک دے ساری کتابیں عشق کر ہم سے ذرا

چھوڑ رانجھا ہیر کو قصہ کہانی پھر کبھی

مزید غزلیں از آشوتوش پانڈے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں