آشو توش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ تو ہوتا اس سے زیادہ تیرے بعد جدائی میں (غزل)
کچھ تو ہوتا اس سے زیادہ تیرے بعد جدائی میں
ایک اضافہ کیا ہوتا ہے صدیوں کی تنہائی میں
بھولے بسرے درد پرانے ملنے آتے ہیں اب ایسے
بالکل جیسے پھول پکھیرو اجڑی سی انگنائی میں
لہروں کے سنگ کھیل رہی تھیں اجلی اجلی سی یادیں
ڈوب گیا پھر منظر سارا دریا کی گہرائی میں
کیسی اداسی گھلتی جائے شام ڈھلے پروائی میں
کس کی چیخیں گونج رہی ہیں دور وہاں شہنائی میں
اپنے ہی دل کا دھیان آیا بوجھل آنکھوں نے جب دیکھا
تنہا پرندہ اڑتا ہوا شب تاروں کی پرچھائی میں
اماوس جس کی فطرت ہو کبھی پونم نہیں ہوتی (غزل)
اماوس جس کی فطرت ہو کبھی پونم نہیں ہوتی
شریک زندگی ہو کر شریک غم نہیں ہوتی
یہ دل تو جا لگا ناگن کے پھن پہ رکھے پھولوں سے
ڈسے ہے جان کا خطرہ کشش بھی کم نہیں ہوتی
ابھی چاہت کی راہوں میں بہت سے موڑ آئیں گے
محبت جس کو کہتے ہیں کبھی یک دم نہیں ہوتی
میں تیرا کچھ نہیں پھر بھی ترا ہو کر جیا ہوں میں
یہ کیسی لو وفا کی ہے ذرا مدھم نہیں ہوتی
کہاں اب ڈھونڈتے ہو تم کسی تہذیب کی دولت
جہاں بھی دھوپ حاکم ہو وہاں شبنم نہیں ہوتی
ہمارے درمیاں ابھی (نظم)
ہمارے درمیاں ابھی
ہزار دوریاں سہی
دھڑکتے دل میں ہے مرے
گماں یہی یقیں یہی
کہیں سے ہو مرا گزر
ہو کوئی راستہ مگر
ہے تو ہی ابتدا مری
ہے تو ہی انتہا مری
میں تیرے گیت گاتا ہوں
جو ہلکے سے خمار میں
ہوا گھٹا یہ تتلیاں
یوں جھومتی ہیں پیار میں
کہ جیسے آ رہی ہو تم
یہ سن کے میری اک صدا
اڑا کے لے چلے کہاں
یہ خواب کچھ حسین سے
ستارے آج چھو لیے
میں دور ہوں زمین سے
تو چاہے چاند مانگ لے
ہے ساری کہکشاں مری
بھٹکتے بادلوں سا ہوں
کبھی یہاں کبھی وہاں
ملوں گا تم سے میں مگر
نہ جانے کب کہاں کدھر
سفر کی جستجو رہے
یہ آرزو بڑھا مری