آشو مشرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں سے آ گئے ہیں اس جہاں کی یاد آتی ہے (غزل)
جہاں سے آ گئے ہیں اس جہاں کی یاد آتی ہے
کہ ہم عریاں سروں کو سائباں کی یاد آتی ہے
جہان محفل شب میں سبھی آنکھیں بھگوتے ہیں
سبھی کو اپنے اپنے رفتگاں کی یاد آتی ہے
وہاں جب تک رہے تب تک یہاں کی فکر رہتی تھی
یہاں جب آ گئے ہیں تو وہاں کی یاد آتی ہے
یہ شہر اجنبی میں اب کسے جا کر بتائیں ہم
کہاں کے رہنے والے ہیں کہاں کی یاد آتی ہے
کوئی آ کر نہیں جاتا دلوں کے آشیانوں سے (غزل)
کوئی آ کر نہیں جاتا دلوں کے آشیانوں سے
رہائی کا کوئی رستہ نہیں ان قید خانوں سے
مچھیرے کشتیوں میں بیٹھ کر کے گا رہے ہیں گیت
ہوائیں مسکرا کر مل رہی ہیں بادبانوں سے
زمیں والوں نے جب سے آسماں کی اور دیکھا ہے
پرندے خوف کھانے لگ گئے اونچی اڑانوں سے
یہ سوکھے زخم ہیں یا رنگ ہیں تصویر ماضی کے
مجھے گزرے زمانے یاد آئے ان نشانوں سے
ہمیں اپنی لڑائی اس زمیں پر خود ہی لڑنی ہے
فرشتے تو نہیں آنے یہاں پر آسمانوں سے
تمہارا دل یہاں پر کھو گیا تو کیسی حیرت ہے
بریلی میں تو جھمکے تک نکل جاتے ہیں کانوں سے
ایک نظم کہنی ہے (نظم)
ایک نظم کہنی ہے
دو اداس آنکھوں پر
جیسے گل کھلانا ہو
زرد زرد شاخوں پر
میرے کاسۂ فن میں ٹوٹے پھوٹے مصرعے ہیں
اور دسترس میں دوست کچھ خیال دھندھلے ہے
اور ان خیالوں میں ایک التجا بھی ہے
التجا بھی اتنی بس
ہونٹوں پے لگی چپ کو آپ تج دیا کیجے
ایک دو مہینے میں کھل کے ہنس لیا کیجے
اور یہ بھی کہنا ہے
جس جگہ قدم رکھیں وہ جہاں مبارک ہو
اک حسین پنچھی کو آسماں مبارک ہو
ساری خوشیاں مل جائیں جن پے آپ کا حق ہو
دو اداس آنکھوں کو جنم دن مبارک ہو