آشو جھا نقاش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شب کی تنہائیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا (غزل)
شب کی تنہائیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
روشنی سے دیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
میں تجھے کاٹ رہا ہوں میرے سوکھے پودھے
مجھ سے اب تتلیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
شاہزادوں کی فتح مات بھی شہزادوں کی
تم سے شہزادیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
اب کہ چلتی ہے ہوا جو تو مرض اٹھتا ہے
سرد پروائیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
ہم کو سورج مکھی کے پھول لبھاتے بھی نہیں
رات کی رانیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
ہاتھ کے آبلوں پہ سب کی نظر ہے نقاشؔ
پاؤں کی انگلیوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا
پلک جھکائے ہوئے اعتراف کرتے ہوئے (غزل)
پلک جھکائے ہوئے اعتراف کرتے ہوئے
میں بت بنا رہا تجھ کو معاف کرتے ہوئے
چراغ تیرے بھی گھر میں ہیں یاد رکھ قاتل
ہوائے شہر کو میرے خلاف کرتے ہوئے
مرے قریب ہے سیارہ غم کا گردش میں
طواف کرنے لگا ہے طواف کرتے ہوئے
ملال شہر ذرا دور ہے اے شہر ملال
مجھے سمیٹ لے خود کو غلاف کرتے ہوئے
بہار مجھ سے خفا میں بہار سے ناراض
چمن میں دونوں پڑے اختلاف کرتے ہوئے
تمہاری یاد میں نقاشؔ جھلملاتے رہے
طلوع ہوتے نجوم انحراف کرتے ہوئے