پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشرف شاد کی غزلیں — Ashraf Shad Ghazals

اشرف شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دے آیا اپنی جان بھی دربار عشق میں (غزل)

دے آیا اپنی جان بھی دربار عشق میں

پھر بھی نہ بن سکا خبر اخبار‌ عشق میں

جب مل نہ پایا اس سے مجھے اذن گفتگو

میں اک کتاب بن گیا اظہار عشق میں

قیمت لگا سکا نہ خریدار پھر بھی میں

جنس وفا بنا رہا بازار عشق میں

شاید یہی تھی اس کی محبت کی انتہا

مجھ کو بھی اس نے چن دیا دیوار عشق میں

تہہ تک میں کھوج آیا ہوا غرق بار بار

آیا نہ پھر بھی تیرنا منجھدار عشق میں

ان سے ملا تو پھر میں کسی کا نہیں رہا (غزل)

ان سے ملا تو پھر میں کسی کا نہیں رہا

اور جب بچھڑ گیا تو خود اپنا نہیں رہا

دیوار ٹوٹنے کا عجب سلسلہ چلا

سایوں کے سر پہ اب کوئی سایہ نہیں رہا

ہر اک مکاں سے نام کی تختی اتر گئی

دل کی فصیل پہ کوئی پہرہ نہیں رہا

رہبر بدل گئے کبھی رہزن بدل گئے

اور ہم سفر بھی کوئی پرانا نہیں رہا

اب اس کے حسن میں وہ کرشمے نہیں رہے

تالی تو بج رہی ہے تماشہ نہیں رہا

شاید پڑوس میں کہیں بجلی گری ہے آج

دیکھو ہمارے گھر میں اندھیرا نہیں رہا

دیمک لگی ہوئی ہے صلیبوں پہ شاد اب

رسم جنوں نباہنے والا نہیں رہا

مزید غزلیں از اشرف شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں