اشرف یعقوبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے وفا با وفا نہیں ہوتا (غزل)
بے وفا با وفا نہیں ہوتا
ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا
اب زمانے میں ایک بھی سجدہ
زیر خنجر ادا نہیں ہوتا
سنتے آئے ہیں سر ہتھیلی پر
رکھنے والا فنا نہیں ہوتا
چوک جاتے تھے بات ہے کل کی
اب نشانہ خطا نہیں ہوتا
جو برا سوچتے ہیں اوروں کا
ان کا اپنا بھلا نہیں ہوتا
بعد لٹنے کے یہ ہوا معلوم
راہزن رہ نما نہیں ہوتا
زندگی یوں گزارتا ہے وہ
کچھ بھی کہہ دو خفا نہیں ہوتا
زرد ہونے کے بعد اے اشرفؔ
کوئی پتا ہرا نہیں ہوتا
بھڑک جانے کی خواہش کچھ تو چنگاری میں رہتی ہے (غزل)
بھڑک جانے کی خواہش کچھ تو چنگاری میں رہتی ہے
ہوا بھی اس کو شہہ دینے کی تیاری میں رہتی ہے
اسے معلوم ہے بچے بگڑ جاتے ہیں شوخی میں
مگر ماں ہے کہ بچوں کی طرف داری میں رہتی ہے
رقم کرتا ہے جو انسان تنہائی کے سائے میں
کہانی ہر کسی کے دل کی الماری میں رہتی ہے
وفا کے معنی و مطلب سے کل نا آشنا تھی جو
اب ایسی قوم بھی درس وفاداری میں رہتی ہے
پھر اس کے بعد مسلی جاتی ہے پائے حقارت سے
کلی کھلنے سے پہلے تک ہی پھلواری میں رہتی ہے
ستم ڈھاتا ہے دھرتی پر سمندر اور یہ دھرتی
ہمیشہ اس کو سہ لینے کی تیاری میں رہتی ہے
یہ کیسا وقت آیا ہے ہمارے سامنے اشرفؔ
پولس بھی آج کل چوروں کی سرداری میں رہتی ہے