اشرف سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے بدن کے نئے زاویے بناتا ہوا (غزل)
ترے بدن کے نئے زاویے بناتا ہوا
گزر رہا ہے کوئی دائرے بناتا ہوا
یہاں ستارے کو کیا لین دین کرنا تھا
جو ٹوٹ پھوٹ گیا رابطے بناتا ہوا
وفا پرست نہیں تھا تو اور کیا تھا وہ
جو زخم زخم ہوا آئنے بناتا ہوا
میں دوستوں کے اک اک امتحاں سے گزرا ہوں
بکھر گیا ہوں کئی راستے بناتا ہوا
سلیمؔ ٹوٹ نہ جائے کہیں بھرم اپنا
نکل پڑا ہوں نئے سلسلے بناتا ہوا
محبتوں کا کہو اب خیال کتنا ہے (غزل)
محبتوں کا کہو اب خیال کتنا ہے
مری جدائی کا تم کو ملال کتنا ہے
یہ تیرے بعد کھلا اے وصال شہر خیال
کہ تیرے شہر میں جینا محال کتنا ہے
میں ٹوٹ پھوٹ کے خود ہی سنورتا رہتا ہوں
مرے خدا ترا اس میں کمال کتنا ہے
ملا نہیں کوئی ایسا کہ جس کے ساتھ رہو
سلیمؔ شہر میں قحط الرجال کتنا ہے
مرے ہونٹوں (نظم)
مرے ہونٹوں
پہ اپنے ہونٹ رکھ کر
وہ بولی
زندگی تو بس یہی ہے
مزید غزلیں از اشرف سلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں