اشوک ساہنی ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
باعث ترک ملاقات بتائے کوئی (غزل)
باعث ترک ملاقات بتائے کوئی
بات کیا ہو گئی آخر یہ جتائے کوئی
جس نے میری تو کوئی بات نہ مانی نہ سہی
میری جانب سے اسے جا کے منائے کوئی
منتظر بیٹھے ہیں تم آن کے دیکھو تو سہی
نہیں آؤ گے یہی آ کے بتائے کوئی
آج خوابوں میں بہت ہم کو نظر آئے سراب
دن چڑھا اب تو ہمیں آ کے جگائے کوئی
تلخ ماضی تو مصائب سے بھرا ہے ساحلؔ
عہد ماضی کو بھلا کیسے بھلائے کوئی
جو گزرتی ہے کہا کرتا ہوں (غزل)
جو گزرتی ہے کہا کرتا ہوں
دل کے جذبات لکھا کرتا ہوں
چن کے جب لاتی ہے الفاظ زباں
لب اظہار کو وا کرتا ہوں
خیر سے پار لگے کشتیٔ زیست
بس یہی ایک دعا کرتا ہوں
زندگی تجھ سے وفا کی خاطر
دل کی آواز سنا کرتا ہوں
غم میں بھی رہتا ہوں میں خوش ساحلؔ
ہر نفس ایسے جیا کرتا ہوں
مزید غزلیں از اشوک ساہنی ساحل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں