اشوک ساہنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نیکی بدی کی اب کوئی میزان ہی نہیں (غزل)
نیکی بدی کی اب کوئی میزان ہی نہیں
ایماں کی بات یہ ہے کہ ایمان ہی نہیں
اس دور بے ضمیر پہ کیا تبصرہ کروں
لگتا ہے میرے عہد میں انسان ہی نہیں
کیسے رفو کروں میں کہاں سے رفو کروں
دل بھی ہے میرا چاک گریبان ہی نہیں
روداد دل بھی ہے یہ غم کائنات بھی
میری غزل نشاط کا سامان ہی نہیں
برکت ہمارے رزق میں آئے گی کس طرح
گھر میں ہمارے جب کوئی مہمان ہی نہیں
لو وہ اذاں سے صبح کی تصدیق ہو گئی
گویا اب اس کے آنے کا امکان ہی نہیں
اس کو غرور عشق نے کیا کیا بنا دیا (غزل)
اس کو غرور عشق نے کیا کیا بنا دیا
پتھر بنا دیا کبھی شیشہ بنا دیا
ہر زخم دل کو ہم نے سجایا ہے اس طرح
جگنو بنا دیا کبھی تارا بنا دیا
میں کس زباں سے شکر خدا کا ادا کروں
جس نے مجھے فراق کا شیدا بنا دیا
اب کس کے در پہ جاؤں میں انصاف کے لئے
منصف نے قاتلوں کو مسیحا بنا دیا
جب بھی ہمیں محاذ سے آواز دی گئی
ہم نے لہو سے ہند کا نقشہ بنا دیا
اس کو خلوص کیسے نظر آئے گا اشوکؔ
دشمن کو انتقام نے اندھا بنا دیا