پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشک امرتسری کی غزلیں — Ashk Amritsari Ghazals

اشک امرتسری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کشتیٔ حیات یہ طوفان حادثات (غزل)

یہ کشتیٔ حیات یہ طوفان حادثات

مجھ کو تو کچھ خبر نہ رہی آر پار کی

ہے گردش زمانہ میں دو رنگیٔ حیات

امید کی سحر ہے تو شب انتظار کی

یہ دیر یہ حرم یہ کلیسا یہ سومنات

تعریف کیا ہو قدرت پروردگار کی

ہے کون جو اٹھا سکے بار غم حیات

ہم نے بھی گر قبائے خرد تار تار کی

اللہ رے تصادم حالات و حادثات

کی اختیار سنگ نے صورت شرار کی

ذروں کی آب و تاب سے تاروں نے کھائی مات

یہ خوبیاں ہیں خاک ترے انکسار کی

اے اشکؔ زندگی میں نہ پوچھی کسی نے بات

اب خاک چومتے ہیں ہمارے مزار کی

کشمکش میں ہیں تری زلفوں کے زندانی ہنوز (غزل)

کشمکش میں ہیں تری زلفوں کے زندانی ہنوز

تیرگی پیہم ہے خم در خم پریشانی ہنوز

رکھتے ہیں ہم مقصد تعمیر نو پیش نظر

گرچہ ہیں منجملۂ اسباب ویرانی ہنوز

سطح دریا پر سکوں سا ہے مگر اے سطح بیں

قعر و دریا میں وہی موجیں ہیں طوفانی ہنوز

اب جنوں میں بھی نہیں آتا ہے صحرا کا خیال

شہر حکمت میں ہے وحشت خیز ویرانی ہنوز

پرسش اہل قلم ہو یا نہ ہو ہوتی تو ہے

سنگ مرمر کے مزاروں پر گل افشانی ہنوز

ہم نے رکھ دی قالب اشعار میں چیز دگر

تم نہیں کر پائے تکمیل زباں دانی ہنوز

اشکؔ اصول کسب زر سے تو نہیں ہے آشنا

تشنۂ تکمیل ہے تیری ہمہ دانی ہنوز

مزید غزلیں از اشک امرتسری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں