اجے اگیات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی کے بارے میں دن رات سوچنا کیا ہے (غزل)
کسی کے بارے میں دن رات سوچنا کیا ہے
جو عشق کرنا ہے کر ڈالو مسئلہ کیا ہے
کسے پتہ ہے محبت کی انتہا کیا ہے
غم حیات سے خوشیوں کا رابطہ کیا ہے
میں مطمئن ہوں جو خود سے تو پھر برا کیا ہے
کسی بھی شخص سے میرا مقابلہ کیا ہے
جو اپنی ذات سے واقف نہ ہو سکا اب تک
اسے جہاں کے متعلق ابھی پتہ کیا ہے
جو خود نمائی کا طالب ہو اس سے کیا ملنا
اسے حیات کے بارے میں تجربہ کیا ہے
ذرا سی دیر خلا میں طواف کرنے دو
ذرا پتہ تو چلے اس کا دائرہ کیا ہے
یقین کرنا ہی ہوگا مجھے مقدر پر
وگرنہ اس کے سوا اور راستہ کیا ہے
خود اپنے آپ سے لگنے لگا ہے ڈر مجھ کو
کوئی بتائے تو آخر مجھے ہوا کیا ہے
یہ ترجمہ ہی ہے اگیاتؔ میرے جیون کا
یہ شاعری مرے احساس کے سوا کیا ہے
اندھیروں کو مٹانے کا ارادہ ہم بھی رکھتے ہیں (غزل)
اندھیروں کو مٹانے کا ارادہ ہم بھی رکھتے ہیں
کہ ہم جگنو ہیں تھوڑا سا اجالا ہم بھی رکھتے ہیں
اگر موقع ملا ہم کو زمانہ کو دکھا دیں گے
ہوا کا رخ بدلنے کا کلیجہ ہم بھی رکھتے ہیں
شب غم کی سحر جانے میسر کب ہمیں ہوگی
کسی کے دل میں بسنے کی تمنا ہم بھی رکھتے ہیں
ہماری شاعری میں پاؤ گے تم میرؔ سی لذت
روایت کو نبھانے کا سلیقہ ہم بھی رکھتے ہیں
ہمارے پاس بھی ہے اک نئے فیچر کا موبائل
اجےؔ دیکھو تو مٹھی میں زمانہ ہم بھی رکھتے ہیں