اجے سحاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم بھی گزر گئے یہاں کچھ پل گزار کے (غزل)
ہم بھی گزر گئے یہاں کچھ پل گزار کے
راتیں تھیں قرض کی یہاں دن تھے ادھار کے
جیسے پرانا ہار تھا رشتہ ترا مرا
اچھا کیا جو رکھ دیا تو نے اتار کے
دل میں ہزار درد ہوں آنسو چھپا کے رکھ
کوئی تو کاروبار ہو بن اشتہار کے
کیا جانے اب بھی درد کو کیوں ہے مری تلاش
ٹکڑے بھی اب کہاں بچے اس کے شکار کے
شاید زباں پہ قرض تھا ہم نے چکا دیا
خاموش ہو گئے ہیں تجھے ہم پکار کے
ایسے سلگ اٹھا تری یادوں سے دل مرا
جیسے دھدھک اٹھیں کہیں جنگل چنار کے
یوں ہی ہر بات پہ ہنسنے کا بہانہ آئے (غزل)
یوں ہی ہر بات پہ ہنسنے کا بہانہ آئے
پھر وہ معصوم سا بچپن کا زمانہ آئے
کاش لوٹیں مرے پاپا بھی کھلونے لے کر
کاش پھر سے مرے ہاتھوں میں خزانہ آئے
کاش دنیا کی بھی فطرت ہو مری ماں جیسی
جب میں بن بات کے روٹھوں تو منانا آئے
ہم کو قدرت ہی سکھا دیتی ہے کتنی باتیں
کاش استادوں کو قدرت سا پڑھانا آئے
آہ سہسا کبھی اسکول سے چھٹی جو ملے
چیخ کر بچوں کا وہ شور مچانا آئے
آج بچپن کہیں بستوں میں ہی الجھا ہے سحابؔ
پھر وہ تتلی کو پکڑنا وہ اڑانا آئے
عشق کا راگ جو گانا ہو میں اردو بولوں (نظم)
عشق کا راگ جو گانا ہو میں اردو بولوں
کسی روٹھے کو منانا ہو میں اردو بولوں
بات نفرت کی ہو کرنی تو زبانیں کتنی
جب مجھے پیار جتانا ہو میں اردو بولوں
کسی مرجھاتے ہوئے باغ میں غزلیں پڑھ کر
جب مجھے پھول کھلانا ہو میں اردو بولوں
اس کی خوشبو سے چلا آئے گا کھنچ کر کوئی
جب اسے پاس بلانا ہو میں اردو بولوں
بے ادب بزم میں شائستہ بیانی کر کے
شمع تہذیب جلانا ہو میں اردو بولوں
ایک خاموش سی محفل میں بھی لفظوں سے سحابؔ
جب مجھے آگ لگانا ہو میں اردو بولوں