عاشق دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسا تو کائنات میں کوئی بشر نہیں (غزل)
ایسا تو کائنات میں کوئی بشر نہیں
جس پر تمہارے لطف و کرم کی نظر نہیں
جس حادثے نے آپ کو ہم سے ملا دیا
اس حادثے کی آپ کو شاید خبر نہیں
اب تو ہر ایک گام پہ تم میرے ساتھ ہو
اب مجھ کو فکر گردش شام و سحر نہیں
نقش قدم پہ آپ کے رکھتا ہوں میں نظر
اس کے سوا تو کوئی مرا راہبر نہیں
بس آرزو یہی ہے ترا غم نصیب ہو
دل میں ہمارے آرزوئے سیم و زر نہیں
اہل خرد کی بات کا عاشقؔ یقین کیا
ویسے بھی ان کی بات کوئی معتبر نہیں
اک وہ ہیں جو کفر بکیں تو نعرہ ہے اور تالی ہے (غزل)
اک وہ ہیں جو کفر بکیں تو نعرہ ہے اور تالی ہے
اک ہم ہیں جو سچ بولیں تو ڈنڈا ہے اور گالی ہے
چرتی ہے اغیار کے سبزے دیتی ہے گھر اپنے دودھ
میں اس چرواہے کے صدقے بھینس یہ جس نے پالی ہے
موسم یوں تو بدل رہا ہے خزاں کے ڈیرے ڈالے ہیں
ساون کے جتنے اندھے ہیں ان کے گھر ہریالی ہے
عشق کرو تو ہوش میں آ کر آگا پیچھا بھی دیکھو
ہے کس طرم خاں کی بیٹی کس رستم کی سالی ہے
جس کو دیکھو وہ اپنے کو شاعر سمجھے بیٹھا ہے
میں غالبؔ ہوں یہ مومنؔ ہے وہ مولانا حالیؔ ہے
حسن کٹیلا ہو تو اس کے مرزا جی بھی عاشقؔ ہیں
حسن وہ چاہے امریکن ہے یا کوئی بنگالی ہے