پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عائشہ مسرور کی غزلیں — Aisha Masroor Ghazals

عائشہ مسرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمارے خواب تنہا ہیں ہمارے غم اکیلے ہیں (غزل)

ہمارے خواب تنہا ہیں ہمارے غم اکیلے ہیں

گھرے ہیں کتنے ہنگاموں میں پھر بھی ہم اکیلے ہیں

تمہارے پاس بھی سوکھے ہوئے کچھ پھول ہیں تنہا

ہمارے ساتھ بھی کھوئے ہوئے موسم اکیلے ہیں

چلے آؤ کہ دل کی دھڑکنوں میں نغمگی بھر دیں

تمہارا ساز تنہا ہے مرے سرگم اکیلے ہیں

بھری محفل میں یہ احساس تنہائی ہمیں کیوں ہے

نہ جانے کیوں تری دنیا میں یا رب ہم اکیلے ہیں

خوشی نے جن کو ٹھکرایا وہ منزل تک نہیں پہنچے

سنا ہے آج تک آوارگان غم اکیلے ہیں

نہ جانے لوگ پیچھے رہ گئے یا دور جا پہنچے

جہاں تک دیکھتے ہیں راستے میں ہم اکیلے ہیں

نہ دل کی بے بسی دیکھی نہ آنکھوں کی زباں سمجھے (غزل)

نہ دل کی بے بسی دیکھی نہ آنکھوں کی زباں سمجھے

مرے شکوے کو تم بھی صرف انداز بیاں سمجھے

محبت اور کوئی بات سننے ہی نہیں دیتی

کسی کی گفتگو نکلی ہم ان کی داستاں سمجھے

ہمارے دل سے اٹھتا ہے دھواں بجلی کہیں ٹوٹے

چمن کے گوشے گوشے کو ہم اپنا آشیاں سمجھے

محبت میں نہ دامن کا بھروسہ ہے نہ اشکوں کا

اسی نے راز دل کھولا جسے ہم رازداں سمجھے

انہیں برسوں میں جب دیکھا تو رونا آ گیا دل کو

بہت چاہا کہ تھم جائیں مگر آنسو کہاں سمجھے

غزل کہنے میں اے مسرورؔ راتیں بیت جاتی ہیں

سمجھتی ہے جو دنیا شاعری کو رائیگاں سمجھے

مزید غزلیں از عائشہ مسرور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں