پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عائشہ فرحین کی غزلیں — Aisha Farheen Ghazals

عائشہ فرحین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بنا تیرے ادھوری ہے خوشی سارے زمانے کی (غزل)

بنا تیرے ادھوری ہے خوشی سارے زمانے کی

وجہ کچھ بھی نہیں ہے زندگی میں مسکرانے کی

سمجھتا ہی نہیں کوئی زباں مظلوم لوگوں کی

ضرورت آ پڑی ہے اب قلم کاغذ اٹھانے کی

لگائی تھی جو امیدیں مری ماں نے کبھی مجھ سے

کروں گی میں یہی کوشش انہیں سب کو نبھانے کی

بچے ہیں غم مقدر میں نہیں باقی خوشی کوئی

کروں کوشش سبھی سے آنسوؤں کو میں چھپانے کی

مکمل ہو نہیں سکتی کبھی بھی عائشہؔ اب تو

خبر کوئی تو دی ہوتی مجھے یوں چھوڑ جانے کی

مری آنکھوں کے ہر منظر کی ہر تصویر میں تم ہو (غزل)

مری آنکھوں کے ہر منظر کی ہر تصویر میں تم ہو

مری گفتار میں تم ہو مری تقدیر میں تم ہو

تمہیں چاہا تمہیں مانگا تمہیں دل میں بسایا ہے

مرے اندر ہے جو آباد اس جاگیر میں تم ہو

بہت مصروف رہتے ہو کبھی ملنے نہیں آتے

نہ جانے کون سی الجھی ہوئی زنجیر میں تم ہو

مرے خوابوں میں آتے ہو حقیقت میں نہیں آتے

نہیں میرے مگر ہر خواب کی تعبیر میں تم ہو

تمہارے واسطے میں نے کبھی لکھا نہیں کچھ بھی

مگر جب پڑھ رہی ہوں تو مری تحریر میں تم ہو

ہمیشہ مانگتی ہوں میں تمہیں اپنی دعاؤں میں

خدا کا فیصلہ یہ ہے مری تقدیر میں تم ہو

مزید غزلیں از عائشہ فرحین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں