اشہر ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شور کیسا ہے مرے دل کے خرابے سے اٹھا (غزل)
شور کیسا ہے مرے دل کے خرابے سے اٹھا
شہر جیسے کہ کوئی اپنے ہی ملبے سے اٹھا
یا اٹھا دشت میں دیوانے سے بار فرقت
یا ترے شہر میں اک چاہنے والے سے اٹھا
یا مری خاک کو مل جانے دے اس مٹی میں
یا مجھے خون کی للکار پہ کوچے سے اٹھا
تو مرے پاس نہیں ہوتا یہ سچ ہے لیکن
تری آواز پر ہر صبح میں سوتے سے اٹھا
چاک پہ رکھا ہے تو لمس بھی دے ہاتھوں کا
میری پہچان تعطل کے اندھیرے سے اٹھا
دل کہ ہے خون کا اک قطرہ مگر دنیا میں
جب اٹھا حشر اسی ایک علاقے سے اٹھا
یہ اجالوں کی عنایت ہے کہ بندہ اشہرؔ
اپنے سائے پہ گرا اپنے ہی سائے سے اٹھا
اجنبیت تھی مگر خاموش استفسار پر (غزل)
اجنبیت تھی مگر خاموش استفسار پر
نام اس نے اک علامت میں لکھا دیوار پر
رائیگاں جاتی ہوئی عمر رواں کی اک جھلک
تازیانہ ہے قناعت آشنا کردار پر
دشمنوں کے درمیاں میرا محافظ ہے قلم
میں نے ہر تلوار روکی ہے اسی تلوار پر
دن ہو جیسا بھی گزر جاتا ہے اپنے طور سے
رات ہوتی ہے مگر بھاری ترے بیمار پر
سست گامی لے کے منزل تک چلی آئی مجھے
تیز رو احباب حیراں ہیں مری رفتار پر
شب کے سناٹے ہی میں کرتا ہے سچی گفتگو
شہر اپنا دکھ سناتا ہے در و دیوار پر
زندگی کرنا وہ مشکل فن ہے اشہرؔ ہاشمی
جیسے کہ چلنا پڑے بجلی کے ننگے تار پر