پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عیش میرٹھی کی غزلیں — Aish Meeruthi Ghazals

عیش میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

برباد محبت ہو کر بھی جینے کا سہارا ہو نہ سکا (غزل)

برباد محبت ہو کر بھی جینے کا سہارا ہو نہ سکا

اک دل پہ بھروسہ تھا اپنے وہ بھی تو ہمارا ہو نہ سکا

جلوؤں کی فراوانی توبہ دم بھر میں ہوئیں خیرہ نظریں

وہ سامنے بے پردہ تھے مگر ہم سے ہی نظارہ ہو نہ سکا

آنکھوں کی زبانی شکوۂ غم کرنا تھا بہت ان سے لیکن

خود حسن پشیماں ہو جاتا یہ ہم سے گوارا ہو نہ سکا

مانا کہ بھری محفل تھی مگر کافی تھی مجھے دزدیدہ نظر

تسکین دل مضطر کے لئے اتنا سا اشارا ہو نہ سکا

غیروں کی طرح منہ تکتے رہے ہر ایک کا ہم اس محفل میں

آنکھوں میں چھلک آئے آنسو پھر ضبط کا یارا ہو نہ سکا

آئی جو ادھر موج طوفاں کشتی تھی شکستہ ڈوب گئی

افسوس پیام عافیت دریا میں کنارا ہو نہ سکا

ہر بزم نشاط اے عیشؔ ہوئی اس شوخ کے جلوؤں سے روشن

کاشانۂ غم میں جلوہ فگن لیکن وہ دل آرا ہو نہ سکا

کہیں ایسا نہ ہو خدا نہ کرے (غزل)

کہیں ایسا نہ ہو خدا نہ کرے

مجھ کو تجھ سے کوئی جدا نہ کرے

میری جنت تری نگاہ کرم

مجھ سے پھر جائے یہ خدا نہ کرے

بے وفائی بھی ایک نسبت ہے

کیا گلہ اس سے گر وفا نہ کرے

راندۂ محفل صنم زاہد

کیا کرے گر خدا خدا نہ کرے

اس کی رحمت پہ گر یقین ہے عیشؔ

ہے خطا گر کوئی خطا نہ کرے

مزید غزلیں از عیش میرٹھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں