پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشہر ندیمی کی غزلیں — Ashhar Nadeemi Ghazals

اشہر ندیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے کمرے سے ترے خط جو پرانے نکلے (غزل)

میرے کمرے سے ترے خط جو پرانے نکلے

چند لمحوں میں کئی گزرے زمانے نکلے

جو نہیں ملتا اسے ڈھونڈ کے لانے نکلے

ایسا لگتا ہے کہ ہم خود کو گنوانے نکلے

میری آنکھوں میں سماعت کی صفت جاگ اٹھی

تیری خاموشی سے باتوں کے خزانے نکلے

یہ اگر خواب نہیں ہے تو کہو پھر کیا ہے

نیند میں جو ہیں وہ دنیا کو جگانے نکلے

دل بھٹکنے لگا ماضی کی گزر گاہوں میں

باتوں باتوں میں تمہارے جو فسانے نکلے

یہ حسیں ہونٹ یہ رخسار یہ آنکھیں یہ بدن

پارساؤں کے بھی تم ہوش اڑانے نکلے

لوگ کہتے تھے میں جس راہ میں مر جاؤں گا

بس اسی راہ سے جینے کے بہانے نکلے

دنیا یہ مجھے حشر کا بازار لگے ہے (غزل)

دنیا یہ مجھے حشر کا بازار لگے ہے

ہر شخص مصیبت میں گرفتار لگے ہے

اس حال میں انصاف کہاں مانگنے جائیں

منصف بھی تو مجرم کا طرف دار لگے ہے

اس دور کا کیا حال ہے یہ آپ سمجھ لیں

سچ بولنے والا مجھے اوتار لگے ہے

جذبات میں شعلے نہ خیالات میں گرمی

مجنوں بھی مجھے عقل کا بیمار لگے ہے

ہو پیار کا اظہار کہ دکھ درد کی باتیں

اس شہر میں ہر شخص اداکار لگے ہے

یہ کون سی منزل ہے کہاں آ کے کھڑا ہوں

دل آج ترے نام سے بیزار لگے ہے

بارود کے انبار پہ ٹھہری ہے یہ دنیا

اس دور میں جینا بھی چمتکار لگے ہے

زندگی اتنا بتا دے تو مجھے تیرے لیے (نظم)

زندگی اتنا بتا دے تو مجھے تیرے لیے

اور یوں کتنے مراحل سے گزرنا ہوگا

مرحلہ گردش حالات کے روز و شب کا

مرحلہ الجھے خیالات کے روز و شب کا

مرحلہ وقت کی بے مہری و بیزاری کا

مرحلہ ذہنی اذیت کا دل آزاری کا

جیتے جی کیا مجھے ہر روز ہی مرنا ہوگا

مرحلہ خواب کی تعبیر نہ مل پانے کا

مرحلہ شوق کی کلیوں کے نہ کھل پانے کا

مرحلہ وقت کی تصویر بدل جانے کا

مرحلہ ہمت سنگیں کے پگھل جانے کا

کیا مجھے ٹوٹ کے ہر روز بکھرنا ہوگا

ایک سائے کے لیے چند نوالوں کے لیے

جو گوارا نہ ہوئے ایسے کئی کام کیے

اور تہذیب و تمدن کے اجالوں کے لیے

کبھی غم کھائے کبھی درد بھرے جام پیے

اور معیار سے کس درجہ اترنا ہوگا

مزید غزلیں از اشہر ندیمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں