پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عیش دہلوی کی غزلیں — Aish Dehlvi Ghazals

عیش دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھول اللہ نے بنائے ہیں مہکنے کے لیے (غزل)

پھول اللہ نے بنائے ہیں مہکنے کے لیے

اور بلبل کو بنایا ہے چہکنے کے لیے

آتش غم سے بنایا ہے مرے سینے میں

دل کو انگارے کی مانند دہکنے کے لیے

بچے کمبخت وہ دل کیونکہ بھلا جس دل کے

مستعد ہو نگۂ شوخ اچکنے کے لیے

رند کہتے ہیں کہ خالق نے کیا ہے پیدا

رات دن ناصح بیہودہ کو بکنے کے لیے

رحم اے چشم بنایا ہے کہیں کیا دل کو

قطرۂ اشک ہو مژگاں سے ٹپکنے کے لیے

شیخ کو رندوں سے کہہ دو کہ نظر میں رکھیں

کیونکہ اب ڈھونڈے ہے قابو وہ کھسکنے کے لیے

عیشؔ بتلا تو بنا ہے دل حیراں تیرا

مثل آئینہ یہ کس شکل کے تکنے کے لیے

میں برا ہی سہی بھلا نہ سہی (غزل)

میں برا ہی سہی بھلا نہ سہی

پر تری کون سی جفا نہ سہی

درد دل ہم تو ان سے کہہ گزرے

گر انہوں نے نہیں سنا نہ سہی

شب غم میں بلا سے شغل تو ہے

نالۂ دل مرا رسا نہ سہی

دل بھی اپنا نہیں رہا نہ رہے

یہ بھی اے چرخ فتنہ زا نہ سہی

دیکھ تو لیں گے وہ اگر آئے

طاقت عرض مدعا نہ سہی

کچھ تو عاشق سے چھیڑ چھاڑ رہی

کج ادائی سہی ادا نہ سہی

کیوں برا مانتے ہو شکوہ مرا

چلو بے جا سہی بجا نہ سہی

عقدۂ دل ہمارا یا قسمت

نہ کھلا تجھ سے اے صبا نہ سہی

واعظو بندۂ خدا تو ہے عیشؔ

ہم نے مانا وہ پارسا نہ سہی

مزید غزلیں از عیش دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں