پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشہد کریم الفت کی غزلیں — Ashhad Karim Ulfat Ghazals

اشہد کریم الفت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ ناراض ہیں اور ہم بھی تو شرمندہ ہیں (غزل)

آپ ناراض ہیں اور ہم بھی تو شرمندہ ہیں

دونوں دن رات تڑپتے ہیں مگر زندہ ہیں

شاخ مژگاں پہ ابھر آئے ہیں کچھ نقش جمال

ذہن کی خاک میں چہرے کئی تابندہ ہیں

شبنمی رات کے پھولوں نے اتارے ہیں لباس

گرم پوشاک میں سورج کے نمائندہ ہیں

دل کی دھڑکن بھی وہی سانس کے نغمے بھی وہی

ہر رگ و ریشے ترے نام کے سازندہ ہیں

سرخ آنکھوں نے جلا رکھے ہیں پانی کے چراغ

کچھ ستارے بھی سر شام درخشندہ ہیں

امن کی بھیک بھی ملتی نہیں جینے کے لئے

جانے کس ملک کے اجڑے ہوئے باشندہ ہیں

دیکھیے حال پریشاں کو الٹ کر الفتؔ

ہم کسی ماضی کے کھوئے ہوئے آئندہ ہیں

زندگی باندھی گئی ہے جب ہوا کی ڈور سے (غزل)

زندگی باندھی گئی ہے جب ہوا کی ڈور سے

میں نے طوفاں کو دبا رکھا ہے اپنی اور سے

روز و شب کی آڑی ترچھی سی کئی پرچھائیاں

شام جیسے بیٹھی ہو کاجل لگا کر بھور سے

تھرتھراتے ہونٹ پر کچھ ٹوٹتے الفاظ ہیں

دل دھڑکتا جا رہا ہے اور بھی کچھ زور سے

سرخ آنکھوں کی لکیروں نے نچوڑا دل کا خوں

ریت کے ذروں کو سورج دیکھتا ہے غور سے

ظلم کی طاقت الگ ہے صبر کی طاقت الگ

درد کا رشتہ وفا سے ہے ستم کا جور سے

کون سنتا ہے کسی کی سانس کے نغموں کی دھن

سب نے اپنا راگ چھیڑا اپنے اپنے طور سے

وقت گردش کر رہا ہے سوئی کی اک نوک پر

ہم بھی لڑ کر جی رہے ہیں کیسے نازک دور سے

مزید غزلیں از اشہد کریم الفت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں