عیش برنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر اک شے پر بہار زندگی محسوس کرتا ہوں (غزل)
ہر اک شے پر بہار زندگی محسوس کرتا ہوں
مگر با ایں ہمہ تیری کمی محسوس کرتا ہوں
بھٹک کر بھی کبھی منزل سے بیگانہ نہیں ہوتا
کسی کی غائبانہ رہبری محسوس کرتا ہوں
میں اپنے دل پہ رکھ لیتا ہوں تہمت بد گمانی کی
اگر تیری طرف سے بے رخی محسوس کرتا ہوں
یہ دنیا اجنبی پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے لیکن
اب اپنے آپ کو بھی اجنبی محسوس کرتا ہوں
تمہیں اس بات کا اندازہ شاید ہو نہیں سکتا
کہ تم کو دیکھ کہ کتنی خوشی محسوس کرتا ہوں
میں ہنس رہا تھا گرچہ مرے دل میں درد تھا (غزل)
میں ہنس رہا تھا گرچہ مرے دل میں درد تھا
یہ راز کھل گیا تو مرا چہرہ زرد تھا
اچھا ہوا کہ آپ نے دامن جھٹک دیا
میرا وجود آپ کے دامن پہ گرد تھا
خود اپنی ذات کے نہ کسی کام آ سکے
وہ لوگ جن کے دل میں زمانے کا درد تھا
کتنے عروج پر تھی مری شدت طلب
تم مل گئے تو شوق کا ہر جذبہ سرد تھا
تنہائیوں میں جس کے بنے رازدار تم
گویا وہ میں نہ تھا کوئی آوارہ گرد تھا