پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشہد بلال ابن چمن کی غزلیں — Ashhad Bilal Ibn E Chaman Ghazals

اشہد بلال ابن چمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زخم فرقت کو تری یاد نے بھرنے نہ دیا (غزل)

زخم فرقت کو تری یاد نے بھرنے نہ دیا

غم تنہائی مگر رخ پہ ابھرنے نہ دیا

آج بھی نقش ہیں دل پر تری آہٹ کے نشاں

ہم نے اس راہ سے اوروں کو گزرنے نہ دیا

تو نے جس روز سے چھوڑا اسے خالی رکھا

میں نے خوشیوں کو بھی اس دل میں ٹھہرنے نہ دیا

ربط جو تجھ سے بنایا سو بنائے رکھا

تو ہی کیا تیرا تصور بھی بکھرنے نہ دیا

ضبط اتنا کہ چراغوں سے ہوئے محو کلام

یاد اتنی کہ تجھے دل سے اترنے نہ دیا

آئنے توڑ دئے جو بھی نظر سے گزرے

کسی مہ رو کو ترے بعد سنورنے نہ دیا

دل مانتا نہیں ہے منانے کے بعد بھی (غزل)

دل مانتا نہیں ہے منانے کے بعد بھی

کرتا ہے ان کو یاد بھلانے کے بعد بھی

پیماں کی نذر ہو گئے چین و سکوں، قرار

لیکن نبھا نہیں ہے نبھانے کے بعد بھی

اک لفظ یاد تھا مجھے ترک وفا مگر

بھولا ہوا ہوں ٹھوکریں کھانے کے بعد بھی

تسکین دل نصیب نہیں ہے تو کیا ہوا

ہونا یہی ہے پیار جتانے کے بعد بھی

بجھتی نہیں ہے تشنگی دیدار یار کی

نظروں سے ان کے لاکھ پلانے کے بعد بھی

اب بھی ہے ہم کو اہل چمن بس انہیں سے پیار

اس دل کو بار بار دکھانے کے بعد بھی

مزید غزلیں از اشہد بلال ابن چمن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں