پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آئرین فرحت کی غزلیں — Aireen Farhat Ghazals

آئرین فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت سے زخم جن کو مستقل مہمان رکھا ہے (غزل)

بہت سے زخم جن کو مستقل مہمان رکھا ہے

بدن کی قید میں کچھ درد کا سامان رکھا ہے

کبھی لگتا ہے کہ میں آسماں کو چھو کے آئی ہوں

کبھی لگتا ہے رستے میں کوئی طوفان رکھا ہے

ہر اک لمحہ گماں کی دسترس میں کیا بتائیں ہم

کہاں امید رکھی ہے کہاں ایمان رکھا ہے

تمہاری آنکھ میں ٹھہرا ہوا پانی بتاتا ہے

محبت کی تھی تم نے اور اس کا مان رکھا ہے

مرے آبا کے گھر کو بیچ کر مجھ سے وہ کہتا ہے

وہیں کمرہ پڑا ہے اور وہیں دالان رکھا ہے

ہماری ہمتوں کی داد دے کر لوٹ جائے گا

ہمارے سامنے جس غم نے سینہ تان رکھا ہے

تمہاری آنکھوں میں گر نمی ہے تو زندگی ہے (غزل)

تمہاری آنکھوں میں گر نمی ہے تو زندگی ہے

جو زندگی میں کوئی کمی ہے تو زندگی ہے

سکوت طاری جو ہو گیا تو تمام شد ہے

کوئی خموشی جو بولتی ہے تو زندگی ہے

کوئی خیال اور خواب نہ ہو تو اک خلا ہے

کہ سوچ پاگل بھٹک رہی ہے تو زندگی ہے

وہ چوٹ جو کہ کسی کو گھائل کیے ہوئے ہے

تمہارے دل پر اگر لگی ہے تو زندگی ہے

تمام حاصل تو زندہ رہنا نہیں گوارا

کہیں ذرا سی بھی تشنگی ہے تو زندگی ہے

جو موڑ آگے پڑا ہوا ہے وہ جا کے دیکھو

وہاں نئی راہ گر بنی ہے تو زندگی ہے

میں روز خود سے جھگڑ کے خود کو منا رہی ہوں

ہاں میری مجھ سے ٹھنی ہوئی ہے تو زندگی ہے

مزید غزلیں از آئرین فرحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں