اشفاق شاہین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ جو اشک تھے مری آنکھ میں کہیں رکھ دیے ہیں سنبھال کر (غزل)
وہ جو اشک تھے مری آنکھ میں کہیں رکھ دیے ہیں سنبھال کر
تجھے راس ہو تری ہر خوشی کوئی رنج کر نہ ملال کر
مجھے فاصلوں سے تو مت سنا یہ حکایتیں مرے بد گماں
مرے پاس آ یہاں بیٹھ جا میں جواب دوں تو سوال کر
ترا ہو گزر جو صبا کبھی سر بزم یار تو پوچھنا
تجھے کیا ملا یہ بتا ذرا کسی باوفا کو نکال کر
کہیں رنج و غم کی تمازتیں مری چشم نم کو بجھا نہ دیں
مری آنکھ میں کوئی بھر گیا کئی ساگروں کو ابال کر
مری شاعری مرے روز و شب تری چاہتوں کا طواف ہیں
مجھے بخش دے مری راحتیں مری بے بسی کا خیال کر
ہم ترے ہجر میں یوں زرد ہوئے جاتے ہیں (غزل)
ہم ترے ہجر میں یوں زرد ہوئے جاتے ہیں
لوگ تکتے ہیں تو ہمدرد ہوئے جاتے ہیں
یہ پڑوسی کے جو اشجار ہیں دیواروں پر
یہ بھی اب گھر کے مرے فرد ہوئے جاتے ہیں
ان کے لہجے میں وہ خنکی ہے نہ پوچھے کوئی
سننے والوں کے بدن سرد ہوئے جاتے ہیں
ہم ترے سر کا کبھی تاج ہوا کرتے تھے
اب ترے پاؤں کی ہم گرد ہوئے جاتے ہیں
اب تو اشفاقؔ ہمیں خلق سے خوف آتا ہے
لوگ اس طرح سے بے درد ہوئے جاتے ہیں