عین الدین عازم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آواز کے سوداگروں میں اتنی فن کاری تو ہے (غزل)
آواز کے سوداگروں میں اتنی فن کاری تو ہے
شعر و ادب کے نام ہی پر گرم بازاری تو ہے
کوئی کہے کوئی سنے کوئی لکھے کوئی پڑھے
ہر دل کو بہلائے غزل بک جائے بیچاری تو ہے
کوؤں کے آگے گنگ ہیں کیا طوطیاں کیا بلبلیں
اہل چمن ہیں مطمئن رسم سخن جاری تو ہے
مانا زمین کربلا پر دسترس ممکن نہیں
لیکن سر کوفہ یزیدوں کی عمل داری تو ہے
ان شاعروں میں ایک دو شاعر بھی ہیں محفل زدہ
صد آفریں ان ٹھیکا داروں میں روا داری تو ہے
کس نے کہا عازمؔ خوشامد جی حضوری عیب ہے
راہ طلب ہموار کرنے کی کلا کاری تو ہے
جو میں نے کہہ دیا اس سے مکرنے والا نہیں (غزل)
جو میں نے کہہ دیا اس سے مکرنے والا نہیں
کہ آسمان زمیں پر اترنے والا نہیں
میں ریزہ ریزہ ہوں لیکن نمی ابھی تک ہے
ہوائیں لاکھ چلیں میں بکھرنے والا نہیں
میں جانتا ہوں وہ اچھے دنوں کا ساتھی ہے
برے دنوں میں ادھر سے گزرنے والا نہیں
ہمارے شہر میں چہرہ نہیں رہا شاید
پڑے ہیں آئنہ خانے سنورنے والا نہیں
ترے کرم کا سزا وار میں ہوں یا دل ہے
دیا ہے تو نے وہ کاسہ جو بھرنے والا نہیں
کہاں کا خواب مسافر کی آنکھ میں عازمؔ
کہ بہتے پانی میں منظر ٹھہرنے والا نہیں