اشفاق قلق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گلستاں چھوڑتے ہیں اور صحرا چھوڑ دیتے ہیں (غزل)
گلستاں چھوڑتے ہیں اور صحرا چھوڑ دیتے ہیں
ترے گھر جو نہ جائے ہم وہ رستہ چھوڑ دیتے ہیں
شکن آلودہ ماتھے ہو گئے بے باک گوئی پر
چلو ایسا ہے تو حق بات کہنا چھوڑ دیتے ہیں
ملاقاتیں مسلسل ہوں مگر کھل کر نہ ہوں باتیں
ہم ایسی کیفیت میں ملنا جلنا چھوڑ دیتے ہیں
خدا کے سامنے جب سر بہ سجدہ ہوتے ہیں ہم لوگ
ذرا سی دیر کو ہم ساری دنیا چھوڑ دیتے ہیں
ہماری تشنگی کو اب تھکن محسوس ہوتی ہے
یہی صحرا نوردی ہے تو صحرا چھوڑ دیتے ہیں
قلقؔ پیہم طنابیں ٹوٹتی جاتی ہیں رشتوں کی
اگرچہ مسئلہ کوئی الجھتا چھوڑ دیتے ہیں
زندگی راستے بدل رہی ہے (غزل)
زندگی راستے بدل رہی ہے
موت بھی اپنی چال چل رہی ہے
یا الٰہی تعلقات کی خیر
دوستی حاشیے پہ چل رہی ہے
چاند مصروف ہے خلاؤں میں
روشنی ذائقے بدل رہی ہے
ہنس کے منظور کر لیا ہے مگر
بات اب بھی ذرا سی کھل رہی ہے
بے یقینی کی اک ردا اوڑھے
زندگی ساتھ ساتھ چل رہی ہے
بد گمانی کا احتمال تو ہے
شمع امید پھر بھی جل رہی ہے
بند مٹھی میں ریت کی مانند
زندگی اے قلقؔ پھسل رہی ہے