پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عین سین کی غزلیں — Ain Seen Ghazals

عین سین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قیامت تھی کہ تم گزریں مگر سب خیریت سے ہیں (غزل)

قیامت تھی کہ تم گزریں مگر سب خیریت سے ہیں

یہ دنیا دوست ساتھی چارہ گر سب خیریت سے ہیں

وہی دن کا نکلنا ہے وہی پھر شام کا ڈھلنا

تمہارے بعد بھی شام و سحر سب خیریت سے ہیں

تمہاری یاد سے روشن مرا غم خانہ رہتا ہے

اجالا روشنی شمس و قمر سب خیریت سے ہیں

مرا ٹوٹا ہوا دل جا بجا اب ریزہ ریزہ ہے

رگ جاں پارۂ قلب و جگر سب خیریت سے ہیں

گو تم تک جا نہیں پاتے تم ان کو سن نہیں پاتیں

وہ لیکن نالہ ہائے بے اثر سب خیریت سے ہیں

میں تم سے جھوٹ بولوں یوں کہوں گھر خیریت ہے سب

چلو سب ٹھیک ہے دیوار و در سب خیریت سے ہیں

ہیں ہم سب گردش دوراں کے فولادی شکنجے میں

صلیب زیست پہ جکڑے بشر سب خیریت سے ہیں

سبق صد رائیگانی کا جو عاشق پڑھ نہیں پائے

ہیں غلطیدہ بہ خون دل مگر سب خیریت سے ہیں

تمہارے بعد سے دنیا میں شفافی ذرا کم ہے

ریا کاری زیادہ ہے مگر سب خیریت سے ہیں

یہ دل تنہا تمہیں کھو کر بہت ویران رہتا ہے

گلی کوچے یہ بستی اور نگر سب خیریت سے ہیں

درد تو میری جاں سے اٹھتا ہے (غزل)

درد تو میری جاں سے اٹھتا ہے

شور کیوں آسماں سے اٹھتا ہے

نالہ جب میری جاں سے اٹھتا ہے

شور سا آسماں سے اٹھتا ہے

ان خراشوں پہ کیا رکھوں مرہم

درد زخم نہاں سے اٹھتا ہے

زخم دے کر جو سو گیا ہے کہیں

کب وہ میری فغاں سے اٹھتا ہے

کیسے جیتا ہے وہ بھلا جس کا

جان جاں اس جہاں سے اٹھتا ہے

عشق اک بوجھ اور وہ نازک

کب مرے مہرباں سے اٹھتا ہے

باقی محفل میں کچھ نہیں رہتا

جان محفل جو واں سے اٹھتا ہے

تیرے اٹھنے پہ کچھ نہیں رہتا

سایہ تک سائباں سے اٹھتا ہے

ہے مری سوچ میں رقصاں سبھی جذبات کا رنگ (نظم)

ہے مری سوچ میں رقصاں سبھی جذبات کا رنگ

اور ہر رنگ سے بڑھ کر ہے تری ذات کا رنگ

ہے گلابی مگر اک شوخ کے اثبات کا رنگ

زرد انکار پہ حیرت کے سوالات کا رنگ

ملگجا میلا سا مجبورئ حالات کا رنگ

سرمئی رنگ جدائی کی ہے ساعات کا رنگ

کیا یہی رنگ ہے وحشت کا سیہ رات کا رنگ

یا ابھرتے ہوئے پھر ذہن میں شبہات کا رنگ

کاسنی درد کا اور موت کی سکرات کا رنگ

آس کی قوس و قزح حرف مناجات کا رنگ

نذر احساس گنہ ہو گیا دن رات کا رنگ

ہے رواں خون سا بے ربط خیالات کا رنگ

چمپئی ماضی کا یادوں بھری بارات کا رنگ

شوخ ٹھہرا ہے بھڑکتے ہوئے جذبات کا رنگ

جلتا ہے شوق کی تابش سے ملاقات کا رنگ

خوف کا رنگ مرے فردا کے خدشات کا رنگ

نور ہی نور مگر قبلۂ حاجات کا رنگ

ایک ہر لحظہ بدلتا ہوا آئینہ ہے

کیوں بدلتا نہیں پھر حال کا حالات کا رنگ

آ جا بھر دے نا وہی مجھ میں خرابات کا رنگ

مجھ کو آ جائے طریقہ کہ جیوں آج میں میں

آ کہ بدلے تو ذرا میرے خیالات کا رنگ

مزید غزلیں از عین سین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں