عین سلام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اور جیتے رہیں کہ مر جائیں (غزل)
اور جیتے رہیں کہ مر جائیں
بول اے زندگی کدھر جائیں
اب تو ہر سانس اس چمن میں ہے تنگ
صورت بوئے گل بکھر جائیں
یہ جنم تو ہمیں نہ راس آیا
شاید اگلے جنم سنور جائیں
کوئی گل گشت کو نہ آئے گا
کہو پھولوں سے اب بکھر جائیں
ان کی محفل سے اٹھ کے آ تو گئے
سوچتے ہیں کہ اب کدھر جائیں
وفا کے وعدے ہوئے زندگی کے خواب ہوئے (غزل)
وفا کے وعدے ہوئے زندگی کے خواب ہوئے
تمہارے عہد کرم میں سبھی خراب ہوئے
بدل گئیں وہ فضائیں ترے بدلتے ہی
مہکتے خواب سلگتے ہوئے سراب ہوئے
مری حیات کی تاریکیاں سمٹ نہ سکیں
بجا کے ماہ ہوئے آپ آفتاب ہوئے
میں سوچتا ہوں کہ وہ لوگ جانے کیا ہوں گے
جنہوں نے پیار کیا اور کامیاب ہوئے
ہمارے میل میں قدرت کا ہاتھ شامل ہے
چلو میں خار سہی آپ اگر گلاب ہوئے
بگولے کی مانند (نظم)
بگولے کی مانند
اور پیچ در پیچ
رقصاں، پر افشاں
بلندی کی جانب
بلندی جو حد نظر ہے
بلندی جو نا معتبر ہے
مقدر یہ دھرتی
یہ دھرتی کہ جس کی کشش کھینچ لائے گی
رقصاں پر افشاں بگولے کی مانند اور پیچ در پیچ
اونچی بہت اونچی اڑتی ہوئی ہر طلب کو
کہ دھرتی سے جو بھی اڑا ہے
پلٹ کر اسی پر گرا ہے
یہ دھرتی ہی اپنا مقدر ہے
دھرتی ہی آغاز ہے اور دھرتی ہی اپنی خبر ہے
فریب نظر ہے