پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشفاق ناصر کی غزلیں — Ashfaq Nasir Ghazals

اشفاق ناصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد رکھے گا مرا کون فسانہ مرے دوست (غزل)

یاد رکھے گا مرا کون فسانہ مرے دوست

میں نہ مجنوں ہوں نہ مجنوں کا زمانہ مرے دوست

ہجر انساں کے خد و خال بدل دیتا ہے

کبھی فرصت میں مجھے دیکھنے آنا مرے دوست

شام ڈھلنے سے فقط شام نہیں ڈھلتی ہے

عمر ڈھل جاتی ہے جلدی پلٹ آنا مرے دوست

روز کچھ لوگ مرے شہر میں مر جاتے ہیں

عین ممکن ہے ٹھہر کر چلے جانا مرے دوست

تم اگر اب بھی کھنڈر دیکھ کے خوش ہوتے ہو

تو کسی دن مری جانب نکل آنا مرے دوست

جیسے مٹی کو ہوا ساتھ لیے پھرتی ہے

میں کہاں اور کہاں میرا ٹھکانہ مرے دوست

عکس کو پھول بنانے میں گزر جاتی ہے (غزل)

عکس کو پھول بنانے میں گزر جاتی ہے

زندگی آئنہ خانے میں گزر جاتی ہے

شام ہوتی ہے تو لگتا ہے کوئی روٹھ گیا

اور شب اس کو منانے میں گزر جاتی ہے

ہر محبت کے لیے دل میں الگ خانہ ہے

ہر محبت اسی خانے میں گزر جاتی ہے

زندگی بوجھ بتاتا تھا بتانے والا

یہ تو بس ایک بہانے میں گزر جاتی ہے

تو بتا آنکھ نیا خواب کہاں سے دیکھے

روز شب تجھ کو بھلانے میں گزر جاتی ہے

وہ چلا جاتا ہے اور ساعت رخصت اشفاقؔ

جسم کا بوجھ اٹھانے میں گزر جاتی ہے

مزید غزلیں از اشفاق ناصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں