اشفاق حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دل بھی تو ڈوبے گا سمندر میں کسی کے (غزل)
یہ دل بھی تو ڈوبے گا سمندر میں کسی کے
ہم بھی تو لکھے ہوں گے مقدر میں کسی کے
اس دل کے بہت پاس نہ اس دل سے بہت دور
بیٹھے ہوئے ہم ہوں گے برابر میں کسی کے
اب اس کے بنا یوں ہیں شب و روز ہمارے
جیسے کوئی دروازہ نہ ہو گھر میں کسی کے
شاید کہ کسی مصرعۂ خوش رنگ کی صورت
ہم بھی نظر آ جائیں گے منظر میں کسی کے
یہ زمیں چاند ستاروں کا بدل کیسے ہو (غزل)
یہ زمیں چاند ستاروں کا بدل کیسے ہو
سوچتا میں بھی بہت کچھ ہوں عمل کیسے ہو
صورت حال بدل جاتی ہے اک لمحے میں
آدمی اپنے ارادوں میں اٹل کیسے ہو
کن درختوں سے لگا رکھی ہے امید ثمر
شاخ ہی جب نہ ہو سرسبز تو پھل کیسے ہو
سوچتے کچھ ہیں عمل کچھ ہے نتیجہ کچھ ہے
ایسی صورت میں کوئی مسئلہ حل کیسے ہو
درد سے کوئی علاقہ نہ تعلق غم سے
صرف لفظوں کے برتنے سے غزل کیسے ہو
ہر ملاقات ادھوری رہی اس الجھن میں
یعنی اظہار محبت میں پہل کیسے ہو
میرے محبوب کا اردو سے ہے رشتہ کم کم
مینوں آندی نئیں پنجابی تے گل کیسے ہو
دیکھوں جو آسماں سے تو اتنی بڑی زمیں (نظم)
دیکھوں جو آسماں سے تو اتنی بڑی زمیں
اتنی بڑی زمین پہ چھوٹا سا ایک شہر
چھوٹے سے ایک شہر میں سڑکوں کا ایک جال
سڑکوں کے جال میں چھپی ویران سی گلی
ویراں گلی کے موڑ پہ تنہا سا اک شجر
تنہا شجر کے سائے میں چھوٹا سا اک مکان
چھوٹے سے اک مکان میں کچی زمیں کا صحن
کچی زمیں کے صحن میں کھلتا ہوا گلاب
کھلتے ہوئے گلاب میں مہکا ہوا بدن
مہکے ہوئے بدن میں سمندر سا ایک دل
اس دل کی وسعتوں میں کہیں کھو گیا ہوں میں
یوں ہے کہ اس زمیں سے بڑا ہو گیا ہوں میں