پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عین نقوی کی غزلیں — Ain Naqvi Ghazals

عین نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں بہت خوش ہوں سب کو لگتا ہے (غزل)

میں بہت خوش ہوں سب کو لگتا ہے

کس صفائی سے جھوٹ بولا ہے

سارے طوفان تھم گئے یک دم

اس نے اتنا کہا وہ میرا ہے

مل گیا ہے تو چھوڑ نا جائے

آج کل دل کو ایک دھڑکا ہے

تم مری آخری محبت ہو

جانے کس کس سے روز کہتا ہے

یہ محبت نہیں کہ جھوٹی ہو

تم سے نفرت کا سچا رشتہ ہے

میں نے سمجھا ہے زندگی جس کو

دوسروں کا بھی اس میں حصہ ہے

مرے جیسی تمہیں ملنی نہیں ہے (غزل)

مرے جیسی تمہیں ملنی نہیں ہے

مگر کوئی زبردستی نہیں ہے

یہ دل ہے آپ کا آفس نہیں جی

یہاں پر آپ کی چلتی نہیں ہے

میں جچتی ہوں اسے ہر زاویے سے

وہ میرا ہے تو بس یوں ہی نہیں ہے

وہ خوشبو مختلف ہے خوشبوؤں سے

وہ سب میں رہ کے سب جیسی نہیں ہے

ہوائی فائرنگ میں ضائع کر دیں

ضرورت ہے تو اک گولی نہیں ہے

ترے خوابوں میں آنے والی لڑکی

کسی کی باتوں میں آتی نہیں ہے

کوئی پوچھے مرا تو اس سے کہنا

سراسر پیار ہے پیاری نہیں ہے

جسے تھی آرزو پھر جی اٹھوں میں

اسے اب مجھ میں دلچسپی نہیں ہے

نہیں روتی تمہارا نام لے کر

وہ لڑکی اب وہی لڑکی نہیں ہے

مزید غزلیں از عین نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں