عین عرفان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رات بھر رونے کا دن تھا (غزل)
رات بھر رونے کا دن تھا
پھر جدا ہونے کا دن تھا
فصل گل آنے کہ شب تھی
خوشبوئیں بونے کا دن تھا
تشنگی پینے کہ شب تھی
آب جو ہونے کا دن تھا
گفتگو کرنے کہ شب تھی
خامشی ڈھونے کا دن تھا
قافلہ چلنے کہ شب تھی
حادثہ ہونے کا دن تھا
رات کے جنگل سے آگے
چین سے سونے کا دن تھا
تنہا تنہا سہمی سہمی خاموشی (غزل)
تنہا تنہا سہمی سہمی خاموشی
جیسی ہیں آوازیں ویسی خاموشی
تنہائی میں چونکا دیتی ہے اکثر
سناٹے سے باتیں کرتی خاموشی
بے مقصد محفل سے بہتر تنہائی
بے مطلب باتوں سے اچھی خاموشی
دو آوازے ہم راہی اک رستہ کی
اور دونوں کے بیچ میں چلتی خاموشی
چپکے چپکے گھر کو ڈستی رہتی ہے
دروازے کی دیواروں کی خاموشی
خاموشی کے ضبط سے ڈرتی آوازے
آوازوں کے شور سے ڈرتی خاموشی
مزید غزلیں از عین عرفان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں