اشفاق عامر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لگا ہو دل تو خیالات کب بدلتے ہیں (غزل)
لگا ہو دل تو خیالات کب بدلتے ہیں
یہ انقلاب تو اک بے دلی میں پلتے ہیں
نکل چکے ہیں بہت دور قافلے والے
ہمیں خبر نہیں ہم کس کے ساتھ چلتے ہیں
کبھی ہمیں بھی ملاؤ تو ایسے لوگوں سے
کہ جن کی آنکھ میں اب تک چراغ جلتے ہیں
یہ رات ایسی ہوائیں کہاں سے لاتی ہے
کہ خواب پھولتے ہیں اور زخم پھلتے ہیں
رتوں نے اپنے قرینے بدل لیے لیکن
ہمارے طور وہی ہیں نہیں بدلتے ہیں
اب اعتبار پہ جی چاہتا تو ہے لیکن
پرانے خوف دلوں سے کہاں نکلتے ہیں
ایک نیا واقعہ عشق میں کیا ہو گیا (غزل)
ایک نیا واقعہ عشق میں کیا ہو گیا
دل میں کہیں پھر کوئی زخم ہرا ہو گیا
بزم طرب بھی سجی محفل غم بھی سجی
کون ملا تھا مجھے کون جدا ہو گیا
اپنی خوشی سے مجھے تیری خوشی تھی عزیز
تو بھی مگر جانے کیوں مجھ سے خفا ہو گیا
میں تو نہیں مانگتا اس کے سوا کچھ صلہ
تیری نظر ہو گئی میرا بھلا ہو گیا
بڑھنے لگی خامشی ڈرنے لگی زندگی
دل ہی میرا دفعتاً نغمہ سرا ہو گیا
آؤ مل کر سپنا دیکھیں (نظم)
آؤ مل کر سپنا دیکھیں
الٹ پلٹ کر اس دنیا کو
منظر کوئی اپنا دیکھیں
وقت کی یہ دیوار گرا کر
وقت سے تھوڑا آگے جا کر
ہرے بھرے میدانوں والا
بڑے بڑے دالانوں والا
دنیا سے دور اک کونے میں
شہر خوشی کا بستا دیکھیں
جس میں سب کو ہنستا دیکھیں