پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایمن جنید خان کی غزلیں — Aiman Junaid Khan Ghazals

ایمن جنید خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گاؤں والے کہاں بدلتے ہیں (غزل)

گاؤں والے کہاں بدلتے ہیں

آؤ ہم ہی جہاں بدلتے ہیں

ایک ہم سے گریز کی خاطر

کتنے وہ آشیاں بدلتے ہیں

وہ عقیدت کے رنگ کیا جانیں

روز جو آستاں بدلتے ہیں

عقل والوں نے ہار کر یہ کہا

عشق والے کہاں بدلتے ہیں

ہم کو اردو ہے جان سے پیاری

ہم نہیں وہ جو جاں بدلتے ہیں

کیوں نہیں آتی ہیں ابابیلیں

آؤ طرز فغاں بدلتے ہیں

رت جو بدلی تو میں نے یہ جانا

کیوں پرندے مکاں بدلتے ہیں

وقت پڑنے پہ جانا ہے ایمنؔ

کس طرح مہرباں بدلتے ہیں

شہد گل گیت ابر تارا ہے (غزل)

شہد گل گیت ابر تارا ہے

ماں محبت کا استعارہ ہے

زندگی دائمی تلاطم ہے

اور ماں ہر گھڑی کنارہ ہے

تربیت انبیا بھی پاتے ہیں

ماں کی آغوش وہ ادارہ ہے

جتنے جذبات ہیں محبت کے

سب پہ ماں بس ترا اجارہ ہے

زندگی تیرگی سے پر ایمنؔ

ماں چمکتا ہوا منارہ ہے

مزید غزلیں از ایمن جنید خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں