پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشعر نجمی کی غزلیں — Ashar Najmi Ghazals

اشعر نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رفتہ رفتہ ختم قصہ ہو گیا ہونا ہی تھا (غزل)

رفتہ رفتہ ختم قصہ ہو گیا ہونا ہی تھا

وہ بھی آخر میرے جیسا ہو گیا ہونا ہی تھا

دشت امکاں میں یہ میرا مشغلہ بھی خوب ہے

روزن دیوار چہرہ ہو گیا ہونا ہی تھا

ڈوبتا سورج تمہاری یاد واپس کر گیا

شام آئی زخم تازہ ہو گیا ہونا ہی تھا

عہد ضبط غم پہ قائم تھا دم رخصت مگر

وہ سکوت جاں بھی دریا ہو گیا ہونا ہی تھا

اب تو ہی یہ فاصلہ طے کر سکے تو کر بھی لے

میں تو خود اپنا ہی زینہ ہو گیا ہونا ہی تھا

میں نے بھی پرچھائیوں کے شہر کی پھر راہ لی

اور وہ بھی اپنے گھر کا ہو گیا ہونا ہی تھا

یہاں تو ہر گھڑی کوہ ندا کی زد میں رہتے ہیں (غزل)

یہاں تو ہر گھڑی کوہ ندا کی زد میں رہتے ہیں

تجاوز کے بھی موسم میں ہم اپنی حد میں رہتے ہیں

بہت محتاط ہو کر سانس لینا معتبر ہو تم

ہمارا کیا ہے ہم تو خود ہی اپنی رد میں رہتے ہیں

سراب و آب کی یہ کشمکش بھی ختم ہی سمجھو

چلو موج صدا بن کر کسی گنبد میں رہتے ہیں

سروں کے بوجھ کو شانوں پہ رکھنا معجزہ بھی ہے

ہر اک پل ورنہ ہم بھی حلقۂ سرمد میں رہتے ہیں

مزید غزلیں از اشعر نجمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں