پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایمن امرتسری کی غزلیں — Aiman Amritsari Ghazals

ایمن امرتسری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ مجھے ادھر کی تلاش ہے نہ مجھے ادھر کی تلاش ہے (غزل)

نہ مجھے ادھر کی تلاش ہے نہ مجھے ادھر کی تلاش ہے

یہ تلاش سب دل بے خبر دل بے خبر کی تلاش ہے

ہے ازل سے دل میں مقیم تو تری بھول ہے تری جستجو

کوئی جستجو ہے یہ جستجو تجھے اپنے گھر کی تلاش ہے

رہی درمیاں جو دوئی تو کیا جو نظر نہ ایک ہوئی تو کیا

نہ ہو امتیاز نگاہ میں مجھے اس نظر کی تلاش ہے

در دیر ہے جو کسی کا در در کعبہ ہے جو کسی کا سر

جو بہم ہو دونوں کا آستاں مجھے ایسے در کی تلاش ہے

یہ ہے خود حجاب تری خودی ترا وہم ہے تری گمرہی

تو خود آپ اپنا ہے رہنما تجھے راہبر کی تلاش ہے

تو ہے شیخ طالب زاہدی مری دستگیر ہے بے پری

مری بے پری مرے بال و پر تجھے بال و پر کی تلاش ہے

جو گلوں کے حسن میں ہے عیاں دل عندلیب میں ہے نہاں

جو ہے کار گاہ جہاں کی جاں مجھے اس شرر کی تلاش ہے

جو خزاں میں خفتہ ہیں شورشیں وہیں حشر و نشر بہار ہیں

یہ وہ راز فطرت غیب ہے جسے دیدہ ور کی تلاش ہے

یہی ایک راز ہے ہستیٔ گل نو دمیدہ کا اے سحر

کہ پیام غنچہ کو گل کدے میں پیامبر کی تلاش ہے

تجھے ہم نشیں ہے اس آب و گل کے طلسم میں غم برہمی

مجھے اس کے نقش و نگار میں کسی کوزہ گر کی تلاش ہے

رہے اس کی رحمت عام پر ہی نگاہ ایمنؔ منفعل

یہی ایک دامن خاص ہے جسے اشک تر کی تلاش ہے

حجاب والوں سے وہ بے حجاب ہو نہ سکا (غزل)

حجاب والوں سے وہ بے حجاب ہو نہ سکا

وہ سامنے تھا مگر بے نقاب ہو نہ سکا

وجود خاک کا انساں خطاب ہو نہ سکا

یہ ذرہ غیر کرم آفتاب ہو نہ سکا

کرم وہ طور پہ اک بے نیاز جلوہ پر

وہ بے نیازی تھی جس کا جواب ہو نہ سکا

اٹھا کے پردہ چھپا کثرت تجلی میں

وہ بے نقاب ہوا بے نقاب ہو نہ سکا

تمام عمر رہے دیکھتے حیات کے خواب

ہماری آنکھوں میں یہ خواب خواب ہو نہ سکا

رہی فریب تصور یہ رفتنی دنیا

سراب جیسے کبھی جوئے آب ہو نہ سکا

ضمیر ظاہر و باطن سے ہو گیا آگاہ

خراب بادۂ عرفاں خراب ہو نہ سکا

مرے کریم نے بخشا اسی بہانے سے

مرے گناہوں کا جب کچھ حساب ہو نہ سکا

ابھی کمی ہے ترے ذوق عشق میں ایمنؔ

لہو ہوا ترا آنسو شراب ہو نہ سکا

مزید غزلیں از ایمن امرتسری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں