پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آشا شیلی کی غزلیں — Asha Shailly Ghazals

آشا شیلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات دل کی جہاں جہاں رکھیے (غزل)

بات دل کی جہاں جہاں رکھیے

ایک پردہ بھی درمیاں رکھیے

گھونسلے جب بنے ہیں کانٹوں سے

کیوں بچا کر ہتھیلیاں رکھیے

حوصلے اپنے آزمانے کو

ہر قدم ساتھ آندھیاں رکھیے

موسموں سے نظر ملانے کو

سر پہ کوئی نہ آسماں رکھیے

ہر جگہ نام ان کا لکھا ہے

فکر ہے داستاں کہاں رکھیے

بات دل کی کسی سے تو کہیے

پاس بہتر ہے رازداں رکھیے

تب جنم لے گی نغمگی شیلیؔ

دل کے زخموں پہ جب زباں رکھیے

رگوں میں خون ہے پانی نہیں ہے (غزل)

رگوں میں خون ہے پانی نہیں ہے

ہمارا عزم نادانی نہیں ہے

انہیں ہونا ہی تھا گل کا نگہباں

خلش خاروں کی حیرانی نہیں ہے

چمک تاروں کی ہے اس کی جبیں پہ

گناہوں کی پشیمانی نہیں ہے

فقیری اس کی عادت میں ہے شامل

وہ ٹھہرا اک جگہ پانی نہیں ہے

رہی دنیا میں خوش ہر حال میں جو

وہ شیلیؔ سی تو دیوانی نہیں ہے

مزید غزلیں از آشا شیلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں