پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعجاز فاروقی کی غزلیں — Aijaz Farooqui Ghazals

اعجاز فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پلٹ کے آیا نہیں جب کہ تھا پکارا بھی (غزل)

پلٹ کے آیا نہیں جب کہ تھا پکارا بھی

سو ہم نے کر لیا اس کے بنا گزارہ بھی

مرے بغیر کوئی خوش نہ رکھ سکے گا اسے

کئی طرح سے کیا اس کو تھا اشارہ بھی

تمھارے ساتھ ہی دیکھے تھے بس حسیں منظر

سکون دیتا نہیں اب کوئی نظارہ بھی

جو دل کی آنکھوں سے دیکھو تو وہ نظر آئے

وہ باطنوں میں بھی رہتا ہے آشکارا بھی

حقیر اس کو سمجھنے کی بھول مت کرنا

بھڑک بھی سکتا ہے ننھا سا اک شرارہ بھی

وہ بیچ دریا میں کشتی کو لے گیا کیونکر

نظر کے سامنے اس کے تھا جب کنارہ بھی

اگر خلوص نہ ہوگا کسی کی نیت میں

کرم بھی اس کا نہیں مجھ کو پھر گوارہ بھی

نجانے کس لئے اعجازؔ سہما رہتا ہے

ملا ہے اس کو زمانے کا جب سہارا بھی

اشارہ کر کے یہ کہتے ہیں مجھ سے او کیا ہے (غزل)

اشارہ کر کے یہ کہتے ہیں مجھ سے او کیا ہے

نماز عشق میں ہوتا نہیں وضو کیا ہے

ستم تو دیکھیے چھوڑا زمانہ جس کے لئے

وہ کہہ رہا ہے مجھے آج یہ کہ تو کیا ہے

وہ جانتا ہے مری حسرتوں کے بارے میں

مگر یہ پوچھ رہا ہے کہ آرزو کیا ہے

جہاں بھی دیکھنا بس سخت بات کہہ دینا

تمہاری شوخ مزاجی ہے یا کہ خو کیا ہے

قبائیں اپنی سنبھالو تمہیں نظر نہ لگے

ہمارے چاک گریبان کو رفو کیا ہے

فریق دونوں بٹھائے تھے سامنے اپنے

تو پھر بتاؤ نا انجام گفتگو کیا ہے

طواف کرتی جو رہتی ہے میرے چہرے کا

تمہاری چشم پریشاں کو جستجو کیا ہے

طواف کرنا ہو مقصد تری گلی کا جسے

تو اس کے واسطے سردی ہے اور لو کیا ہے

صفات لاکھ ہوں اعجازؔ اس میں کیا حاصل

بجھا سکے نہ اگر پیاس آب جو کیا ہے

مزید غزلیں از اعجاز فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں