پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعجاز اسد کی غزلیں — Aijaz Asad Ghazals

اعجاز اسد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دنیا میں کسے آگ لگانی نہیں آتی (غزل)

دنیا میں کسے آگ لگانی نہیں آتی

افسوس مگر سب کو بجھانی نہیں آتی

تا حد نظر دشت ہے کیوں بیٹھے ہوئے ہو

لگتا ہے تمہیں خاک اڑانی نہیں آتی

وہ شوخ ہے باتوں میں لگا رہتا ہے اکثر

سنتا ہوں مجھے بات بنانی نہیں آتی

بستر کی ضرورت ہی نہیں نیند کو پیارے

کیا جسم کی چادر ہی بچھانی نہیں آتی

بجھتی ہی نہیں آگ لگی ہے جو جگر میں

لیکن مرے اشکوں میں روانی نہیں آتی

خوشبو سے مہکتی ہی نہیں رات ہماری

خوابوں میں اگر رات کی رانی نہیں آتی

نادان مری میز کے شیشے پہ گرے ہیں

اشکوں کو بھی تصویر بنانی نہیں آتی

میں خود بھی کھلونوں کا طرف دار رہوں گا

جب تک مرے بچوں پہ جوانی نہیں آتی

میں صرف حقیقت ہی بیاں کرتا ہوں اعجازؔ

افسانہ نہیں آتا کہانی نہیں آتی

یار تجھ کو مرا خیال تو ہے (غزل)

یار تجھ کو مرا خیال تو ہے

عشق میں اتنی دیکھ بھال تو ہے

غم نہیں گر خوشی نہیں حاصل

فرقت دوست کا ملال تو ہے

تجھ پہ گزری ہے کیا خبر ہے مجھے

تیرے جیسا ہی میرا حال تو ہے

میرا حامی جہاں نہیں تو کیا

شکر ہے رب ذو الجلال تو ہے

ہے اگر زعم برتری تم کو

یہ بھی اک صورت زوال تو ہے

میرے پہلو میں تو نہیں نہ سہی

میرے شانے پہ تیری شال تو ہے

زندگی میں یہی تمنا تھی

دم آخر ترا وصال تو ہے

اس کی تمثیل ہی نہیں ہے اسدؔ

میرا محبوب بے مثال تو ہے

مزید غزلیں از اعجاز اسد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں