آشا پربھات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے اپنے سائے سے کیوں آج مجھے ڈر لگتا ہے (غزل)
جانے اپنے سائے سے کیوں آج مجھے ڈر لگتا ہے
جلا ہوا اس شہر کا ہر گھر اپنا ہی گھر لگتا ہے
کچھ اتنا چہرہ ٹوٹا ہے گھاؤ کچھ اتنے کھائے ہیں
پھول بھی اس کے ہاتھوں کا اب مجھ کو پتھر لگتا ہے
جس سے اس ننھے بچے کی ماں بہنوں کا قتل ہوا
موسم گل کا ہر اک منظر خونی منظر لگتا ہے
ویسے تو وہ میرا بھی محبوب دلارا ہے لیکن
اس کی ہر اک بات سے میرے دل میں خنجر لگتا ہے
ڈوبی ابھری ابھری ڈوبی ہر لمحہ ہر پل ہر روز
آشاؔ اس کی آنکھوں میں ایک گہرا سمندر لگتا ہے
ہر لمحہ چاند چاند نکھرنا پڑا مجھے (غزل)
ہر لمحہ چاند چاند نکھرنا پڑا مجھے
ملنا تھا اس لئے بھی سنورنا پڑا مجھے
آمد پہ اس کی پھول کی صورت تمام رات
ایک اس کی رہ گزر پہ بکھرنا پڑا مجھے
کیسی یہ زندگی نے لگائی عجیب شرط
جینے کی آرزو لئے مرنا پڑا مجھے
ویسے تو میری راہوں میں پڑتے تھے میکدے
واعظ تری نگاہ سے ڈرنا پڑا مجھے
آئینہ ٹوٹ ٹوٹ کے مجھ میں سما گیا
اور ریزہ ریزہ ہو کے بکھرنا پڑا مجھے
ہر سو (نظم)
ہر سو
دھند کا پہرہ ہے
رات خاموش ہے
مٹ میلی چاندنی
اتر آئی ہے میرے آنگن میں
ہاتھوں میں
یادوں کے چراغ لئے
کھولتی ہوں کھڑکیوں دروازوں کو
آج خوب صورت لگ رہی ہیں
میری اداس آنکھیں
دکھ کے آئینے میں
میں نے دیکھا ہے اپنا چہرہ
آج میں کوئی گیت
گنگنانا چاہتی ہوں