اصغر جرأت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے سوا بھی دوست مجھے کام اور ہے (غزل)
تیرے سوا بھی دوست مجھے کام اور ہے
دنیا میں دل لگانے کا انجام اور ہے
میں سوچتا رہا ہوں محبت کے باب میں
کہتے ہیں اس وبا کا یہاں نام اور ہے
ہر رات میری کٹتی ہے اس سوچ میں کہ اب
وہ صبح کوئی اور تھی یہ شام اور ہے
میری لکھے پہ طنز نہ فرمائیے جناب
میری غزل میں لفظ کا ابہام اور ہے
اس نے کہا کہ مے کدۂ دل تو بند تھا
پوچھا جو میں نے اس سے میاں جام اور ہے
اس سے نکل کے جا نہیں سکتا کوئی شکار
وہ دام اور دام تھا یہ دام اور ہے
میں مست ہوں مگن ہوں تری کائنات میں
کیونکہ یہ کائنات مجھے خام اور ہے
اصغرؔ سے پوچھتے ہو جو وحشت کا عشق میں
وہ صاف صاف کہتا ہے کہرام اور ہے
بد بخت بد نصیب برے لوگ ہیں یہاں (غزل)
بد بخت بد نصیب برے لوگ ہیں یہاں
سچ بات ہے ادیب برے لوگ ہیں یہاں
وہ مجھ سے کوسوں دور ہے میں اس سے دور ہوں
یعنی مرے قریب برے لوگ ہیں یہاں
آتی نہیں سمجھ مجھے ان کی کسی طرح
اب کیا کہوں عجیب برے لوگ ہیں یہاں
کرتے نہیں ہیں زخم کا مرہم بہ زعم خود
صاحب سبھی طبیب برے لوگ ہیں یہاں
میں بھی انہیں میں ایک ہوں اصغرؔ جہان میں
کہتا ہے وہ غریب برے لوگ ہیں یہاں