پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احسن رضوی داناپوری کی غزلیں — Ahsan Rizvi Danapuri Ghazals

احسن رضوی داناپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذہن کا سفر تنہا دل کی رہ گزر تنہا (غزل)

ذہن کا سفر تنہا دل کی رہ گزر تنہا

آدمی ہوا یارو آج کس قدر تنہا

مقتدر سہاروں کی ہر قدم پہ حاجت ہے

کب مقام پاتا ہے اپنا یہ ہنر تنہا

پھر مجھے ڈرائیں گی خامشی کی آوازیں

پھر مجھے ہے طے کرنا رات کا سفر تنہا

جس کے سائے نے ہم کو بارہا پناہیں دیں

آج بھی کھڑا ہے وہ راہ میں شجر تنہا

دور بے نیازی میں کون کس کو پوچھے ہے

بھیڑ میں بھی پاتا ہے خود کو ہر بشر تنہا

مآل سوز طلب تھا دل تپاں معلوم (غزل)

مآل سوز طلب تھا دل تپاں معلوم

ستم کی آگ بھی ہونے لگی دھواں معلوم

شکستہ پا بھی پہنچ ہی گئے سر منزل

نہ راستے کی خبر تھی نہ کارواں معلوم

شمیم دوست بڑھاتی ہے زندگی لیکن

ہمیں حقیقت ہستی ابھی کہاں معلوم

نہ جانے فتنہ گروں نے لگائی تھی کب آگ

ہمیں تو آنچ ہوئی اس کی ناگہاں معلوم

گزر چکے حد طوفاں سے موڑ لو کشتی

یہاں سے ہوتے ہیں ساحل کے کچھ نشاں معلوم

بچھڑ کے آپ سے کیا کیا گزر گئی دل پر

کہوں کسی سے تو ہو اس کو داستاں معلوم

ابھر کے کہتے ہیں پھولوں سے خار غم احسنؔ

کہ ہم نہ ہوں تو نہ ہو رنگ گلستاں معلوم

مزید غزلیں از احسن رضوی داناپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں