پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اصغر حسن مجیبی کی غزلیں — Asghar Hasan Mujibi Ghazals

اصغر حسن مجیبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگاہ ناز سے راز و نیاز رہنے دے (غزل)

نگاہ ناز سے راز و نیاز رہنے دے

تبسم نگہ دل‌ نواز رہنے دے

غم فراق سے دل کو گداز رہنے دے

جہان عشق میں کچھ سوز و ساز رہنے دے

فریب خوردۂ حسن مجاز رہنے دے

اسی طرح سے حقیقت کو راز رہنے دے

اٹھا نہ چہرۂ ہستی سے تو نقاب اپنی

نگاہ و دل کو یوں ہی مشق ناز رہنے دے

اگر یہ اصل حقیقت کے دونوں پہلو ہیں

تو حسن و عشق کا پھر امتیاز رہنے دے

نگاہ لطف و کرم مجھ پہ گر نہیں نہ سہی

ستم سے اپنے مجھے سرفراز رہنے دے

تری طلب میں مجھے شرمسار ہونا تھا (غزل)

تری طلب میں مجھے شرمسار ہونا تھا

رہین منت لیل و نہار ہونا تھا

جو مبتلائے غم روزگار ہونا تھا

تو دل پہ اپنے ذرا اختیار ہونا تھا

فراق گل میں اگر دل فگار ہونا تھا

تو ہر کلی کو مرا غم گسار ہونا تھا

جو مجھ کو وقف غم انتظار ہونا تھا

تو عہد و فعل کا کچھ اعتبار ہونا تھا

تمہیں تو جلوہ فگن بار بار ہونا تھا

کہ اس جہاں کو ذرا سازگار ہونا تھا

نہ تکمیل عہد وفا چاہتا ہوں (نظم)

نہ تکمیل عہد وفا چاہتا ہوں

نہ تجدید جور و جفا چاہتا ہوں

میں اک قلب بے مدعا چاہتا ہوں

ترے عشق کی انتہا چاہتا ہوں

مری سادگی دیکھ کیا چاہتا ہوں

نہیں ہوگا کوئی بشر شوخ اتنا

کوئی بے ادب اس قدر شوخ اتنا

نہ موسیٰ ہوئے طور پر شوخ اتنا

ذرا سا تو دل ہوں مگر شوخ اتنا

وہی لن ترانی سنا چاہتا ہوں

جلے دل کا ارمان ہوں اہل محفل

مگر بزم کی جان ہوں اہل محفل

اسی پر میں قربان ہوں اہل محفل

کوئی دم کا مہمان ہوں اہل محفل

چراغ سحر ہوں بجھا چاہتا ہوں

کرم ہو کہ ہو دعوت باریابی

کہ ہو خانۂ دل کی میرے خرابی

ہزیمت ہو یا مژدۂ کامیابی

ستم ہو کہ ہو وعدۂ بے حجابی

کوئی بات سب سے جدا چاہتا ہوں

مشقت مبارک رہے زاہدوں کو

یہ زحمت مبارک رہے زاہدوں کو

یہ عشرت مبارک رہے زاہدوں کو

یہ جنت مبارک رہے زاہدوں کو

کہ ان کا میں بس سامنا چاہتا ہوں

مزید غزلیں از اصغر حسن مجیبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں