پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احسن رضوی کی غزلیں — Ahsan Rizwi Ghazals

احسن رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی آہٹ کوئی دستک کوئی جھنکار تو ہو (غزل)

کوئی آہٹ کوئی دستک کوئی جھنکار تو ہو

اس کی جانب سے کسی بات کا اظہار تو ہو

بخل سے کام نہ لوں گا میں سراہوں گا اسے

کوئی چہرہ ترے مانند طرحدار تو ہو

زخم سہہ لوں گا منڈیروں پہ لگے شیشوں کے

کوئی شے دید کے قابل پس دیوار تو ہو

چند لمحوں کی مسافت ہو کہ برسوں کا سفر

کیف پرور ہیں سبھی سنگ کوئی یار تو ہو

چند لمحے میں کہیں بیٹھ کے دم لے تو سکوں

در ملے یا نہ ملے سایۂ دیوار تو ہو

دھواں اٹھ رہا ہے جو باہر میاں (غزل)

دھواں اٹھ رہا ہے جو باہر میاں

سلگتا ہے کچھ اپنے اندر میاں

میں خود تو بھٹکنے کا قائل نہیں

گھماتا پھرے ہے مقدر میاں

گماں بیٹھے بیٹھے یہ اکثر ہوا

گیا ہے ابھی کوئی اٹھ کر میاں

یہ مانا کہ دیوار و در ہیں وہی

مگر اب یہ لگتا نہیں گھر میاں

مرے رخ پہ تحریر کیا کچھ نہیں

کبھی کوئی دیکھے تو پڑھ کر میاں

کبھی خود کو دھرتی سے بھی جوڑئیے

اڑیں گے کہاں تک فلک پر میاں

بس اک رسم تھی جو نبھاتے رہے

ہوئی کب خوشی اس سے مل کر میاں

مجھے (نظم)

مجھے

آج پھر وہ نظم شدت سے یاد آئی

جو میں نے برسوں پہلے

ایک خواب کے بکھر جانے پر کہی تھی

ویسے میں نے عرصے سے خواب دیکھنا بند کر دیا تھا

یعنی سرابوں کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیا تھا

مگر خواب کب پیچھا چھوڑتے ہیں

ادھر پھر کچھ دنوں سے ایک خواب آنکھوں میں رہا

جس کے خوب صورت رنگ محل کے تانے بانے

تمام ممکن پہلوؤں پر کسے گئے

امید نے بھی پیٹھ تھپتھپائی تھی

کئی طرف سے سازگار ہواؤں کا بھی احساس ہوا تھا

شاید یہ میری خوش فہمی تھی

اور آج جب وہ خواب بھی بکھر گیا

تو مجھے برسوں پہلے کہی ہوئی وہ نظم یاد آئی

جو ایک ایسے ہی خواب کی شکست پر کہی گئی تھی

مجھے خواب نہیں دیکھنا چاہئے

یا پھر اس حقیقت سے آنکھ ملا لینا چاہئے

کہ اگر خواب دیکھنا ہے

اور ان کی تکمیل کی بھی آرزو ہے

تو وہ سب کچھ کرنا ہوگا

جو آج کل

خوابوں کو ساکار کرنے کے لئے کیا جاتا ہے

مزید غزلیں از احسن رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں