پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اصغر علی تبسم کی غزلیں — Asghar Ali Tabassum Ghazals

اصغر علی تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی نہ سمجھے چاہ کا مطلب کوئی نہ جانے پریت (غزل)

کوئی نہ سمجھے چاہ کا مطلب کوئی نہ جانے پریت

کون کسی کے درد کو جانے کون کسی کا میت

کوئی نہیں ہے دل کا محرم کوئی نہیں غم خوار

آج سنائیں کس کو اے دل درد بھرے یہ گیت

آنکھ سے آنسو بہیں ہمارے دل میں آگ جلے

اک انجان کو کر بیٹھے ہیں جس دن سے ہم میت

میں ہوں بھولا بھٹکا راہی منزل میری دور

جانے اس طوفانی کھیل میں ہار ملے یا جیت

آگ محبت کی جس دل میں جل اٹھے اک بار

ساری عمر تبسمؔ اس کی رو رو جائے بیت

جرأت ہے تو طوفاں سے گزر کیوں نہیں جاتے (غزل)

جرأت ہے تو طوفاں سے گزر کیوں نہیں جاتے

زندہ نہیں احساس تو مر کیوں نہیں جاتے

گیسو ترے لہرا کے بکھر کیوں نہیں جاتے

دل میں ترے انداز اتر کیوں نہیں جاتے

میں گوشۂ تنہائی میں سستا لوں ذرا سا

کچھ دیر کو آلام ٹھہر کیوں نہیں جاتے

سینے میں مچلتے ہوئے جذبات کے دھارے

اشعار کے قالب میں اتر کیوں نہیں جاتے

کس سوچ میں گم بیٹھے ہو راہوں میں تبسمؔ

ویراں سہی اپنا تو ہے گھر کیوں نہیں جاتے

دل جلاؤ (نظم)

دل جلاؤ

امن کی راہوں کو بھر دو نور سے

ختم تاریکی کرو

جاں جلاؤ

شمع کی مانند پگھلو

آندھیوں میں بھی نہ بجھنے دو محبت کے چراغ

دور کر دو نفرتوں کے سارے داغ

انفرادی خواہشوں کی آگ کو ٹھنڈا کرو

قریہ قریہ

کو بہ کو

اجتماعی سوچ کے انمول دیپ

چار سو روشن کرو

دوستو

جشن آزادی نہیں ہے

قمقمے بجلی کے بازاروں میں سلگانے کا نام

اپنی مٹی ہے مقدس

جیسے ممتا کا تقدس

خون کا اک ایک قطرہ دے کے بھی

اس کی رکھوالی مقدم

شان مومن

عزم پیہم

موجزن ہو روح روح

جوش ایمان حسین

جذبۂ عباس سے ہو سوئے منزل گامزن

صبح آزادی کے متوالوں کی ہے اپنی ہی بات

ہر قدم رکھیں وہ آزادی کے پرچم کو بلند

دست و بازو اپنے کٹوا کر بھی وہ کھائیں نہ مات

چڑھ کے بام و در پہ اپنے

چند لمحوں کے لئے پرچم کے لہرانے کا نام

مزید غزلیں از اصغر علی تبسم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں