احسن لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
علاج حسرت دلگیر کر رہا ہوں میں (غزل)
علاج حسرت دلگیر کر رہا ہوں میں
مقدرات کی تعمیر کر رہا ہوں میں
تصورات کی کرچیں سمیٹ کر ایک اک
بریدہ خواب کی تفسیر کر رہا ہوں میں
کہ گوندھ کر مہ تاباں کی ضو فشاں کرنیں
علاج ظلمت بے پیر کر رہا ہوں میں
جگا کے فہم کی لو ذہن کے دریچوں میں
نئے نظام کو تحریر کر رہا ہوں میں
یہ عزم ہے کہ بدل دوں میں بخت کا چہرہ
بصد خلوص یہ تدبیر کر رہا ہوں میں
حسین رات کرن چاند کی حنا کی مہک
ملا کے اب تیری تصویر کر رہا ہوں میں
جو جو شعور ذہن پہ آتا چلا گیا (غزل)
جو جو شعور ذہن پہ آتا چلا گیا
دل کلفتوں کے داغ مٹاتا چلا گیا
لا کر بہار نو کے گل ندرت خیال
صحرا کو میں چمن سا بناتا چلا گیا
اللہ کا یہ فضل ہے مجھ پہ کہ بحر علم
کوزے سے میرے دل میں سماتا چلا گیا
الفاظ کے گہر سے غزل کی زمیں کو میں
جیسے فلک نژاد بناتا چلا گیا
تار نفس پہ چھیڑ کے اک نغمۂ حیات
میں آگہی کے ساز پہ گاتا چلا گیا
الفت کی راہ کر کے زمانے پہ آشکار
احسنؔ میں خار راہ ہٹاتا چلا گیا